Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مداح سے سپر ہیرو تک، ’مِس مارول‘ شو میں پاکستانی کینیڈین اداکارہ جلوہ گر

مِس مارول میں اپنے کردار کی طرح ایمان ویلانی خود بھی سپر ہیرو کی بڑی فین رہی ہیں جنہوں نے 15 برس کی عمر میں خود مِس مارول کا لباس تیار کیا تھا (فائل فوٹو: ڈزنی)
ڈرنی پلس ٹیلی وژن کے مقبول شو ’مس مارول‘ میں ایک پاکستانی نژاد کینیڈین اداکارہ ایمان ویلانی کو مرکزی کردار ملا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ایمان ویلانی ڈزنی پلس ٹیلی وژن کے مزاحیہ شو ’مِس مارول‘ میں کمالہ خان کا کردار ادا کر رہی ہیں۔
یہ کردار ایک 16 برس کی ہائی سکول کی طالبہ سے متعلق ہے جو سپر ہیرو کی فین ہے۔ پھر اسے اس بات کا احساس ہو جاتا ہے کہ اس کے اپنے اندر بھی صلاحیتیں موجود ہیں۔
مِس مارول میں اپنے کردار کی طرح ایمان ویلانی خود بھی سپر ہیرو کی بڑی فین رہی ہیں جنہوں نے 15 برس کی عمر میں خود مِس مارول کا لباس تیار کیا تھا۔
ایمان ویلانی نے روئٹرز کو بتایا کہ ’یہ بہت پراثر ہے۔ مجھے لگا کہ میں بہت آسانی سے کمالہ کے کردار میں ڈھل سکتی ہوں۔ ہم اس شو کی شوٹنگ کے دوران کچھ اس طرح پرفارم کرتے ہیں جیسا کہ ہم حقیقی زندگی میں کرتے ہیں۔‘
مِس مارول گزشتہ دہائی کی مارول کومکس میں سب سے بڑی بریک آؤٹ سٹار کے  طور پر دیکھی گئیں ہیں۔ یہ پہلا مسلمان کردار ہے جس کی مزاحیہ کتابوں کی اپنی سیریز ہے۔
ایمان ویلانی نے کہا کہ ’مجھے امید ہے کہ یہ شو مزید مسلمانوں اور جنوبی ایشیا کے تخلیق کاروں کو اپنی کہانیاں بیان کرنے کی ترغیب دے گا کیونکہ یہ تو صرف ایک لڑکی کی کہانی ہے۔‘

ایمان ویلانی نے کہا کہ ’بری لارسن وہ پہلی خاتون ہیں جن نے مجھ سے رابطہ کیا اور میرے ساتھ اپنے تجربات شیئر کیے‘ (فوٹو: ڈزنی)

’ہم تمام دو ارب مسلمانوں اور دنیا بھر میں موجود جنوبی ایشیا کے باشندوں کی نمائندگی نہیں کر سکتے لیکن یہ آغاز ہے۔ امید ہے کہ لوگ کمالہ کی کہانی کے بعض حصوں سے خود کو جڑا ہوا محسوس کریں گے۔‘
ٹیلی وژن شو میں کمالہ خان کا کردار ادا کرنے کے علاوہ ایمان ویلانی 2023 میں آنے والی فلم ’دا مارویلس‘ میں کیپٹن مارول کا کردار ادا کرنے والی امریکی اداکارہ اور فلم میکر بری لارسن کی ٹیم کا حصہ بھی ہوں گی۔‘
ایمان ویلانی نے کہا کہ ’بری لارسن وہ پہلی خاتون ہیں جن نے مجھ سے رابطہ کیا اور میرے ساتھ اپنے تجربات شیئر کیے کہ اس کردار نے کیسے انہیں اور ان کے کریئر میں تبدیلی لائی۔‘
’مارول اداکاروں کو بڑی توجہ اور مداح فراہم کرتا ہے۔ کبھی تو یہ بہت اچھا لگتا ہے۔ میں اس لیے خوش ہوں کہ بری یہاں میرا ہاتھ تھامنے اور میرے سوالوں کا جواب دینے کے لیے موجود ہیں۔‘

شیئر: