Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شوکت ترین سے منسوب دعویٰ بے بنیاد پروپیگنڈا: آئی ایس پی آر

سینیٹر شوکت ترین نے بھی ایک ٹویٹ میں شاہین صہبائی کے دعوے کی تردید کی تھی۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے سابق وزیر خزانہ شوکت ترین سے منسوب دعوے کو بے بنیاد پروپیگنڈا قرار دے دیا ہے۔
صحافی شاہین صہبائی اور دیگر سوشل میڈیا صارفین نے دعویٰ کیا تھا کہ ’شوکت ترین نے کہا کہ ان کو بلا کر ان سے کہا گیا کہ وہ موجودہ حکومت کی مدد کریں اور عمران خان کو چھوڑ دیں۔‘
بدھ کی شب آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ دعوے کی تردید خود شوکت ترین نے بھی کی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ فوجی قیادت کے خلاف اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل کے لیے بے بیناد الزامات اور سفید جھوٹ پھیلانا قابل مذمت ہے۔ ’ادارہ ایسے لوگوں کے خلاف قانونی کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے۔‘
اس سے پہلے سینیٹر شوکت ترین نے بھی ایک ٹویٹ میں شاہین صہبائی کے دعوے کی تردید کی تھی۔
شوکت ترین نے لکھا تھا کہ ’شاہین صہبانی نے جو کچھ مجھ سے منسوب کیا اس کی پرزور تردید کرتا ہوں۔ مجھے اسٹیبلشمنٹ میں سے کسی نے نہیں کہا کہ میں عمران خان کا ساتھ چھوڑ کر شہباز شریف حکومت میں شامل ہو جاؤں۔‘
شاہین صہبانی نے ایک دن قبل ٹوئٹر پر دعویٰ کیا تھا ’سب سے بڑے نیوٹرل کی طرف سے شوکت ترین کوعمران خان کو چھوڑ کر شہباز شریف کی حکومت کی مدد کرنے کا کہا گیا تھا۔‘

شیئر: