Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاداب خان اور خوشدل کی ٹوئٹر سپیس، ’سب سے پہلے ہمارا ملک ہے‘

شاداب خان نے کہا ٹیم میں سینئیر جونیئر کا تصور ختم کر دیا گیا ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کرکٹ ٹیم دو ماہ کے وقفے کے بعد ویسٹ انڈیز کے خلاف ایکشن میں ہے۔
پاکستانی کھلاڑی سوشل میڈیا پر کافی سرگرم ہیں اور اپنے مداحوں کے ساتھ سوالات و جوابات کے سیشن کر رہے ہیں۔
جمعرات کو پاکستان کرکٹ بورڈ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک سپیس کا انعقاد کیا جس میں قومی ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان اور آل راؤنڈر خوش دل شاہ نے شرکت کی۔
سپیس میں ہونے والے سوالات کے جوابات میں شاداب خان نے آف ڈے پر اپنے معمولات کے بارے آگاہ کیا کہ کھلاڑی آف ڈے پر سوئمنگ پول جاتے ہیں اور مساج کرواتے ہیں۔
شاداب خان اپنی فیلڈنگ کی بدولت شہرت رکھتے ہیں۔ پہلے ون ڈے میں شاداب خان نے ایک شاندار کیچ پکڑا تھا جس کی بہت تعریف کی جا رہی ہے۔ 

فیلڈنگ کے سوال پر شاداب نے کہا ’وہ فیلڈنگ کو انجوائے کرتے ہیں۔ ان کی خواہش ہوتی ہے کہ دوران فیلڈنگ ہر گیند ان کے پاس آئے۔‘
پہلے ون ڈے میں پاکستانی بیٹر خوشدل شاہ کی کارکردگی بھی نمایاں رہی تھی۔ انہوں نے میچ کے اہم موقع پر لگاتار تین چھکے لگا کر جیت کی راہ ہموار کی تھی۔
اس حوالے سے انہوں نے کہا ’میرے دماغ میں یہی تھا کہ بس آخر تک کھیلنا ہے۔ شاداب بھائی نے کہا آپ نے میچ ختم کر کے آنا ہے۔ ساتھیوں سے کافی سپورٹ ملتی ہے۔‘
2017 میں چمپینز ٹرافی جیتنے کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم ایک نئے عہد میں داخل ہوئی تھی۔ ٹیم میں اکثریت نوجوان کھلاڑیوں کی ہے اسی وجہ سے ٹیم میں یکجہتی بھی دیکھنے کو ملتی ہے۔
اسی سلسلے میں شاداب خان نے کہا ’سب سے پہلے ہمارے لیے ہمارا ملک ہے۔ پھر ٹیم ہے۔ ہم سب ایک دوسرے کے ساتھ کو انجوائے کرتے ہیں۔ ٹیم میں سینئیر جونیئر کا تصور ختم کر دیا گیا ہے۔ اس چیز سے ہمیں فائدہ ہوا ہے۔‘
’جونئیر کھلاڑی سینئیر کو کبھی بھی مشورہ دے سکتا ہے۔ ہم سب ایک دوسرے کے اچھے دوست ہیں۔‘

ویسٹ انڈیز کے خلاف اپنی دھواں دار بیٹنگ پر خوشدل شاہ نے کہا ’سیدھا چھکا لگاتے وقت میں بولر کے دماغ سے کھیلا۔ جو فیلڈنگ انہوں نے کھڑی کی تھی۔ میں نے اسے دیکھ کر سیدھا چھکا مار دیا۔‘
پاکستانی ٹیم کچھ عرصے سے دوسری باری میں ہدف حاصل کر رہی ہے۔ اس حوالے سے صارف عبدالاحد نے پوچھا کہ اگر پہلی اننگز کھیلنا پڑے تو ٹیم کا منصوبہ کیا ہوگا؟
جواب میں شاداب خان نے کہا ’ہم پہلے اوپنرز کو بھیج کر پچ کا جائزہ لیتے ہیں۔ پھر جیسا وہ بتاتے ہیں ہم اس سکور کی حکمت عملی بناتے ہیں۔‘
واضح رہے پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز کی سیریز کا دوسرا میچ کل ملتان میں کھیلا جائے گا۔ گزشتہ روز کھیلے جانے والا میچ گرین شرٹس نے پانچ وکٹوں سے جیتا تھا۔

شیئر: