Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

روس پاکستان کو سستا تیل فراہم کرسکتا ہے: روسی قونصل جنرل

’عمران خان کے دورہ روس میں پاکستان کو رعایتی قیمت پر گیس اور تیل کی فراہمی پر بات کی تھی‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
 پاکستان میں روسی قونصل جنرل آندرے وکٹرووچ فیڈروف نے کہا ہے کہ ’روس پاکستان کو سستا تیل فراہم کرسکتا ہے۔‘
’اس ضمن میں سابق وزیراعظم عمران خان اور موجودہ مشیر خزانہ مفتاح اسماعیل اور روس کے درمیان بات چیت ہوئی ہے لیکن ابھی کوئی معاہدہ نہیں ہوا ہے۔‘
جمعرات کو کراچی قونصلیٹ میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’سابق وزیراعظم عمران خان کے دورہ روس میں پاکستان کو رعایتی قیمت پر گیس اور تیل کی فراہمی پر بات کی تھی لیکن اس معاملے کا کوئی معاہدہ نہیں ہوسکا تھا۔‘
 انہوں نے کہا کہ ’موجودہ مشیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے بھی روس سے تیل کی خریداری پر بات کی ہے۔ روس پاکستان سمیت دیگر دوست ممالک کو سستے تیل کی فراہمی میں دلچسپی رکھتا ہے۔‘ 
’اگر پاکستانی حکومت ہم سے رابطہ کرے گی تو ہم سستا تیل فراہم کریں گے، یہ صرف ایک بہانہ ہے کہ پاکستان کے پاس روسی خام تیل کو ٹریٹ کرنے کے لیے ریفائنریز نہیں ہیں۔‘
 انہوں نے کہا کہ ’روس پر سلامتی کونسل کی منظوری کے بغیر پابندی عائد کردی گئی ہے جو قانونی طور پر درست نہیں ہے۔‘
روس اور یوکرین کی جنگ پر ان کا کہنا تھا کہ ’یوکرین کے خلاف کارروائی سکیورٹی خدشات پر کی گئی ہے۔‘
’یوکرین کی جنگ میں یک طرفہ پروپیگنڈا کیا جارہا ہے۔ عالمی دباؤ کے باوجود پاکستان کے ساتھ روس کے تعلقات بہت بہتر ہیں۔‘
روسی قونصل جنرل نے کہا کہ ’روس کی معاشی حالت دوسرے کئی ممالک سے بہت بہتر ہے، یہ حقیقت ہے کہ معاشی پابندیاں روس کو متاثر کر رہی ہیں اس کے باوجود ہم پرامید ہے کہ روس مزید بہتری کی طرف جائے گا۔‘

شیئر: