’قائداعظم زندہ باد‘ کا ٹریلر جاری کر دیا گیا
جمعہ 10 جون 2022 7:47
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
فلم میں مائرہ خان نے ’جیا‘ جبکہ فہد مصطفیٰ نے ’گلاب‘ کا کردار ادا کیا ہے۔ (فوٹو: ماہرہ خان انسٹا)
پاکستانی اداکاروں مائرہ خان اور فہد مصطفیٰ کی آنے والی فلم ’قائد اعظم زندہ باد‘ کا ٹریلر جاری کر دیا گیا ہے۔
جمعرات کو جاری کیے گئے ٹریلر کو دیکھنے سے پتا چلتا ہے کہ فلم ’قائد اعظم زندہ باد‘ ملکی حالات کو مد نظر رکھ کر بنائی گئی ہے۔
فلم میں رشوت، جعلی نوٹ اور کرپشن جیسے موضوعات کو زیر نظر لایا گیا ہے۔
ہدایتکار نبیل قریشی کی فلم ’پاکستان زندہ باد‘ میں مائرہ خان، فہد مصطفیٰ، جاوید شیخ، محمود اسلم اور نیئر اعجاز نے مرکزی کرادار ادا کیا ہے۔
فلم کی کہانی ایک پولیس افسر کے گرد گھومتی ہے جو پہلے تو خود رشوت لیتا ہے اور بعد میں ایماندار افسر بن جاتا ہے۔
مداحوں کو فہد مصطفیٰ اور مائرہ خان پہلی مرتبہ کسی فلم میں ایک ساتھ نظر آئیں گے۔
فلم میں مائرہ خان نے ’جیا‘ جبکہ فہد مصطفیٰ نے ’گلاب‘ کا کردار ادا کیا ہے۔
اگر بات کی جائے فلم کے ڈائیلاگ کی تو فلم کے دیکھنے والوں کو ’گلاب ہمیں لگتا ہے قبروں میں رہنے والے سو رہے ہیں، لیکن سو تو ہم رہے ہیں وہ تو سب کچھ دیکھ رہے ہیں‘ جیسے ڈائیلاگ بھی ملیں گے۔
فلم کا ٹریلر دیکھنے والے اس سے مطمئن نظر آ رہے ہیں جن میں ایک سوشل میڈیا یوزر نے تبصرہ کیا کہ ’ہماری فلموں میں ’سٹنٹس‘ کی کمی ہوتی تھی شکر ہے ہمیں ’طیفا‘ کے بعد ایک اور اچھی فلم دیکھنے کو ملے گی۔‘
ایک اور صارف نے فلم میں ڈائیلاگ کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ ’یہ بہترین ڈائیلاگ ہے، میں کھاتا ہو تو لگاتا بھی ہوں۔‘
جبکہ کچھ ٹریلر دیکھنے والوں کا کہنا ہے کہ پاکستانی فلم انڈسٹری کا ایک نیا دور شروع ہو گیا ہے۔
سید عمران کاظمی کہتے ہیں کہ کلپس دیکھ کر لگ رہا ہے کہ یہ نقل کیے گئے ہیں لیکن مجموعی طور پر بہت اچھا کام کیا ہے۔
فلم ’قائد اعظم زندہ باد‘ کو دنیا بھر میں عیدالاضحیٰ پر ریلیز کیا جائے گا۔