Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ویسٹ انڈیز کو شکست، پاکستان نے سیریز جیت لی

بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ فوٹو: پی سی بی
پاکستان نے ملتان میں کھیلے گئے دوسرے ایک روزہ میچ میں ویسٹ انڈیز کو 120 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کر لی ہے۔
جمعے کو دوسرے ایک روزہ میچ میں ویسٹ انڈیز کو جیت کے لیے 276 رنز کا ہدف ملا تھا تاہم مہمان ٹیم 33 ویں اوور میں 155 رنز بنا آل آؤٹ ہو گئی۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے شمار بروکس نے سب سے زیادہ 42 رنز سکور کیے۔ کیل مائر نے 33 اور کپتان نکولس پورن نے 25 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے سپنر محمد نواز نے 10 اوورز میں 19 رنز دے کر چار اور محمد وسیم نے چار اوورز اور دو گیندوں پر 34 رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
قبل ازیں ٹاس جیت کر پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 275 رنز بنائے۔
اوپنر فخر زمان 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی دوسری وکٹ 145 کے مجموعی سکور پر گری جب امام الحق 72 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ کپتان بابر اعظم نے 77 رنز سکور کیے۔
محمد رضوان نے 15، محمد حارث نے چھ، محمد نواز نے تین، شاداب خان نے 22 اور خوشدل شاہ نے بھی 22 رنز بنائے۔
شاہین شاہ آفریدی نے آخری اوورز میں چھ گیندوں پر 15 رنز سکور کیے اور ناٹ آؤٹ رہے۔ ان کے ساتھ محمد وسیم نے ناٹ آؤٹ رہتے ہوئے 13 گیندوں پر 17 رنز سکور کیے۔

سپنر محمد نواز نے 19 رنز دے کر چار اور محمد وسیم نے 34 رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ فوٹو: اے ایف پی

یاد رہے کہ بدھ کو ملتان میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو پانچ وکٹوں سے شکست دی تھی۔
خیال رہے کہ پاکستانی سکواڈ میں بابراعظم (کپتان)، شاداب خان، عبداللہ شفیق، فخر زمان، حارث رؤف، حسن علی، امام الحق، افتخار احمد، محمد حارث، امام الحق، محمد رضوان، محمد نواز، خوشدل شاہ، وسیم جونیئر، شاہین شاہ آفریدی، زاہد محمود اور شاہنواز دھانی شامل ہیں۔

 

شیئر: