Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تائیوان پر جنگ شروع کرنے میں ہچکچاہٹ محسوس نہیں کریں گے: چین

چین کے وزیر دفاع اور امریکی وزیر دفاع کی ملاقات سنگاپور میں ہوئی (فائل فوٹو: اے ایف پی)
چین کے وزیر دفاع نے اپنے امریکی ہم منصب کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر تائیوان نے آزادی کا اعلان کیا تو بیجنگ جنگ شروع کرنے میں ہچکچاہٹ محسوس نہیں کرے گا۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق جمعے کو چین کے وزیر دفاع وی فینگ کی جانب سے یہ انتباہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب انہوں نے سنگاپور میں سکیورٹی اجلاس ’شنگری لا ڈائیلاگ‘ کے موقعے پر امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن سے براہ راست ملاقات کی۔
چینی وزیر دفاع نے کہا ہے کہ ’اگر کوئی تائیوان کو چین سے الگ کرنے کی جرات کرتا ہے تو چین کی فوج کسی بھی قیمت پر جنگ شروع کرنے میں ہچکچاہٹ محسوس نہیں کرے گی۔‘
چین کی وزارت دفاع کے مطابق وزیر دفاع وی فینگ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بیجنگ ’تائیوان کی آزادی‘ کی سازش کو ناکام بنا دے گا۔
بیجنگ جمہوری اور خودمختار تائیوان کو اپنا علاقہ قرار دیتا ہے اور اس نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ اگر ضرورت پڑی تو طاقت کے استعمال سے ایک دن تائیوان پر قبضہ کر لے گا۔
حالیہ مہینوں میں چین اور امریکہ کے درمیان تائیوان کے معاملے پر کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔
امریکی وزیر دفاع نے لائیڈ آسٹن نے آبنائے تائیوان میں امن و استحکام کی اہمیت پر زور دیا اور تاائیوان کی موجودہ حیثیت میں یک طرفہ تبدیلیوں کی مخالفت کی۔
امریکی محکمہ دفاع کے مطابق انہوں نے کہا کہ ’چین تائیوان کے خلاف مزید عدم استحکام پیدا کرنے والے اقدامات سے باز رہے۔‘

آبنائے تائیوان میں امریکی بحری بیڑوں کے گزرنے پر چین ہمیشہ سے اعتراض کرتا آیا ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)

تائیوان کے دفاعی زون میں چینی جنگی طیاروں کی دراندازی کی وجہ سے کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔
گذشتہ ماہ جاپان کے دورے کے موقعے پر امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا تھا کہ ’اگر چین نے تائیوان پر حملہ کیا تو واشنگٹن تائیوان کی فوج کا دفاع کرے گا۔‘
چین نے اس پر اپنے ردعمل میں کہا تھا کہ ’امریکہ آگ سے کھیل رہا ہے۔‘
چین کی کونسل برائے تائیوان امور کے ترجمان ژو فینگلین کہا تھا کہ ’امریکہ چین پر قابو پانے کے لیے تائیوان کارڈ کھیل رہا ہے، مگر وہ خود جل جائے گا۔‘

شیئر: