Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزارت ثقافت اور الدرعیہ اتھارٹی میں ثقافتی ورثے کو فروغ دینے کا معاہدہ

سعودی وزیر ثقافت اور وزیر سیاحت نے معاہدے پر دستخط کیے (فوٹو عرب نیوز)
سعودی وزارت ثقافت اور الدرعیہ گیٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے درمیان سعودی ثقافتی ورثے کو فروغ دینے کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے گئے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی وزیر ثقافت شہزادہ بدر بن عبداللہ بن فرحان اور سعودی وزیر سیاحت احمد بن عقیل الخطیب نے معاہدے پر دستخط کیے۔
شہزادہ بدربن عبداللہ بن فرحان نے کہا کہ ہمیں الدرعیہ گیٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے پر خوشی ہے۔ اس طرح کی شراکتیں سعودی عرب میں ثقافتی ماحولیاتی نظام کی ترقی اور تحفظ کے لیے ہمارے اجتماعی مشن کے لیے بنیادی حیثیت رکھتی ہیں۔‘
معاہدے میں وزارت ثقافت اورالدرعیہ گیٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے درمیان تعاون کے متعدد پہلو شامل ہیں جن میں سب سے نمایاں ثقافتی انفراسٹرکچر کی ترقی میں تعاون ہے جس میں مختلف اثاثے ہیں جو الدرعیہ میں واقع ثقافتی اور فنکارانہ شعبے کی خدمت کرتے ہیں۔
معاہدے میں مشترکہ ثقافتی انیشیٹوز کا نفاذ بھی شامل ہے جس کا مقصد متعدد تعلیمی اثاثوں کو تیار کرنا ہے جن میں موسیقی، تخلیقی تحریر، تھیٹریکل آرٹس، فن تعمیر، خطاطی اور کلنری آرٹس کے ساتھ ساتھ ڈیجیٹل اور ایک عصری آرٹ میوزیم بھی شامل ہے۔
شہزادہ بدر بن عبداللہ بن فرحان نے کہا کہ ’ ہم الدرعیہ گیٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی میں اپنے شراکت داروں کے ساتھ مل کر اس مفاہمت نامے کے مقاصد کو پورا کرنے کے لیے کام جاری رکھیں گے جس کا مقصد سرمایہ کاری کو راغب کرنا اور مختصر اور طویل مدتی پائیداری حاصل کرنا ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’آج ہم ترقی کے اگلے مرحلے میں داخل ہو گئے ہیں جہاں ہم اس قیمتی تاریخی مقام کی قدر میں اضافہ کرتے ہوئے اس کے ثقافتی ورثے اور شناخت کا تحفظ کرتے ہیں۔‘
احمد بن عقیل الخطیب نے کہا کہ ’ یہ شراکت داری الدرعیہ کے ثقافتی ورثے کے واقعات اور سرگرمیوں کو اگلے درجے تک لے جائے گی۔ وہ منفرد اور متنوع ہوں گے جو اس کی مخصوص شناخت اور بھرپور ورثے کی عکاسی کرتے ہیں۔ یہ ہر قسم کے کاروبار کو راغب کرکے سرمایہ کاری کے مواقع کے لیے ایک ٹھوس پلیٹ فارم بھی بنائے گا۔‘

شیئر: