Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’گڈ بائے‘ انٹرنیٹ ایکسپلورر، 27 سالہ سفر اختتام پذیر

آپ میں سے جو لوگ 1990 یا 2000 کے اوائل میں کمپیوٹر استعمال کرتے تھے وہ انٹرنیٹ ایکسپلورر سے بخوبی واقف ہوں گے۔
کسی بھی ویب سائٹ کو وزٹ کرنا ہو یا سوشل میڈیا پلیٹ فارمز تک رسائی حاصل کرنا ہو، انٹرنیٹ ایکسپلورر ہی وہ واحد براؤزر ہوا کرتا تھا جو ایک کلک سے مطلوبہ سائٹ تک رسائی دیتا تھا۔
لیکن اب انٹرنیٹ کی دنیا کا یہ پرانا اور مقبول ترین براؤزر صرف ایک یاد بن جائے گا کیونکہ آج بدھ سے انٹرنیٹ ایکسپلورر ہمیشہ کے لیے بند ہو رہا ہے۔
مائیکروسافٹ کمپنی نے انٹرنیٹ ایکسپلورر کو 1995 میں لانچ کیا تھا اور شروع میں اسے ونڈوز نائنٹی فائیو میں اضافی فیچر کے طور پر شامل کیا گیا تھا۔
گذشتہ سال مائیکروسافٹ نے کہا تھا کہ وہ 15 جون 2022 کو انٹرنیٹ ایکسپلورر کو ختم کر رہا ہے، ’اب آگے بڑھنے کا وقت آگیا ہے۔‘
مائیکرو سافٹ نے گزشتہ چند سال میں متعدد بار اپنے صارفین کو 'انٹرنیٹ ایکسپلورر' کی خامیوں کے حوالے سے خبردار کرتے ہوئے رواں سال کے آغاز میں اپنے نئے براؤزر 'مائیکرو سافٹ ایج' استعمال کرنے کی تجویز دی تھی۔
مائیکروسافٹ ایج انٹرپرائز کے جنرل منیجر شان لنڈرسے نے گذشتہ سال ایک بلاگ پوسٹ میں لکھا تھا کہ ’مائیکروسافٹ ایج انٹرنیٹ ایکسپلورر کے مقابلے میں ایک تیز،زیادہ محفوط اور جدید براؤزنگ کا تجربہ ہے۔‘
انٹرنیٹ ایکسپلورر ایک عرصے تک انٹرنیٹ کی دنیا پر راج کرتا رہا تاہم 2004 میں موزیلا فاؤنڈیشن نے فائرفوکس متعارف کرایا جس سے اس براؤزر کی مقبولیت میں کمی آئی۔
2008 میں گوگل نے گوگل کروم لانچ کیا جس نے براؤزنگ کی تیز ترین سروسز فراہم کیں اور دیکھتے ہی دیکھتے گوگل کروم کا استعمال بڑھ گیا۔
گوگل کروم کی مقبولیت کے بعد انٹرنیٹ ایکسپلورر گمنامی میں چلا گیا اور پھر مائیکروسافٹ نے انٹرنیٹ کی دنیا میں دوبارہ اپنی جگہ بنانے کے لیے نیا براؤزر مائیکروسافٹ ایج متعارف کرایا لیکن یہ کوشش بھی ناکام رہی۔

شیئر: