Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’مجھے جیل میں بند کریں‘، غربت کا ستایا شہری بچوں سمیت تھانے پہنچ گیا

یہ واقعہ پیر کو جعفرآباد کے علاقے ڈیرہ اللہ یار میں پیش آیا (فوٹو: اردو نیوز)
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع جعفرآباد میں ایک شخص پولیس کے پاس پہنچ گیا اور خود کو بچوں سمیت تھانے میں بند کرنے یا جیل بھیجنے پر اصرار کیا تاکہ کئی دنوں سے بھوکے ان کے بچوں کو مفت کھانا مل سکے۔
یہ واقعہ پیر کو جعفرآباد کے علاقے ڈیرہ اللہ یار میں پیش آیا۔
ڈیرہ اللہ یار پولیس تھانے کے ایس ایچ او عبدالرؤف جمالی نے اردو نیوز کو بتایا کہ عنایت حسین نامی شہری نے پولیس تھانے پہنچ کر رونا دھونا شروع کردیا اور پولیس کو بتایا کہ اسے پانچ دنوں سے کوئی مزدوری نہیں ملی اور اس کے پاس اتنی رقم نہیں کہ اپنے پانچ بچوں کو کچھ کھلا سکیں، جو کئی دنوں سے بھوکے ہیں۔ 
ایس ایچ او کے مطابق غربت کے ہاتھوں مجبور عنایت حسین نے کہا کہ ’اسے بچوں سمیت کسی کیس میں شامل کرکے تھانے کے حوالات یا پھر جیل میں بند کر دیں تاکہ اسے سرکار کی طرف سے مفت کھانا مل سکے۔‘
عنایت حسین کا کہنا تھا کہ بے روزگاری اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کی وجہ سے ایک وقت کی روٹی کا بندوبست کرنا بھی مشکل ہو گیا ہے اور وہ اپنے بچوں کو بھوک سے بلکتے ہوئے نہیں دیکھ سکتا۔
پولیس کے اہلکاروں نے شہری کو سمجھایا کہ بلاوجہ کسی کو تھانے میں بند نہیں کیا جاسکتا مگر اس نے تھانے سے جانے سے انکار کردیا تو پولیس اہلکار انہیں گھیسٹ کر باہر لے گئے۔
اس دوران بنائی گئی ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس میں عنایت حسین کو قیدی قرار دیا گیا تھا اور لکھا گیا تھا کہ رہائی ملنے کے باوجود قیدی غربت کے باعث جیل سے باہر جانے کو تیار نہیں۔
ایس ایچ او ڈیرہ اللہ یار نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر غلط خبریں چلائی گئیں۔ عنایت حسین پر کوئی کیس تھا اور نہ ہی وہ قیدی تھا۔
پولیس افسر کے مطابق انہوں نے شہری کو اپنی جیب سے ایک ہزار روپے دے کر گھر بجھوادیا اور اب مخیر حضرات کی مدد سے ان کے لیے راشن کا بندوبست کررہے ہیں۔
بعد ازاں ڈپٹی کمشنر جعفرآباد نے سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد شہری کو دفتر بلاکر اسے ایک ماہ کا راشن اور رقم دی۔
خیال رہے کہ پاکستان میں حالیہ مہینوں میں اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔
اقتصادی سروے رپورٹ کے مطابق پاکستان میں رواں مالی سال میں مہنگائی کی شرح 13 فیصد سے زائد رہی۔

شیئر: