Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دوسرا ٹیسٹ میچ، انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو شکست دے دی

انگلینڈ نے دوسرے ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ کو پانچ وکٹوں سے شکست دی (فائل فوٹو: آئی سی سی)
انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان جاری تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد نیوزی لینڈ کو شکست دی تھی۔
نوٹنگھم میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے مہمان ٹیم کو میچ کے آخری دن 5 وکٹوں سے شکست دی۔
انگلینڈ کی اس فتح کی خاص بات کپتان بین سٹوکس اور جونی بیئرسٹو کی جارحانہ بیٹنگ تھی۔ بیئرسٹو نے 92 گیندوں پر 136 جبکہ انگلش کپتان نے 70 گیندوں پر 75 رنز بنائے تھے۔
ٹیسٹ میچ کے آخری روز انگلینڈ کو 72 اوورز میں 299 رنز کا ہدف ملا جسے انگلینڈ نے بیئرسٹو اور سٹوکس کی دھواں دھار بیٹنگ کے باعث صرف 50 اوورز میں  باآسانی پورا کرلیا۔
مسلسل شکستوں، سابق کھلاڑیوں اور میڈیا کی مسلسل تنقید کے بعد انگلینڈ کے لیے یہ جیت کسی تازہ ہوا کے جھونکے سے کم نہ تھی۔
انگلینڈ نے ٹیسٹ ٹیم کی کوچنگ کے لیے سابق کیوی کھلاڑی برینڈن میک کلم کی خدمات حاصل کی تھیں جبکہ جو روٹ کی جگہ بین سٹوکس کو ٹیسٹ ٹیم کا مستقل کپتان بنایا گیا تھا۔
انگلینڈ کے سابق کپتان اور معروف کمنٹیٹر ناصر حسین کہتے ہیں کہ ’بین سٹوکس اور برینڈن میک کلم نے انگلینڈ سے ہار کا خوف دور کردیا ہے۔‘
انگلینڈ کے ایک اور سابق کپتان مائیکل وان نے اخبار ’دی ٹیلی گراف‘ کے ایک کالم میں لکھا کہ ’برینڈن میک کلم اور بین سٹوکس نے ہتھکڑیاں توڑ دی ہیں۔ اس انگلینڈ سے ڈرنا ہوگا۔‘
میچ جتنے کے بعد انگلینڈ کے کپتان بین سٹوکس نے گراؤنڈ میں بیٹھی اپنی والدہ کو گلے لگایا اور یہ جذباتی منظر سوشل میڈیا صارفین کو بھا گیا۔
ٹوئٹر صارف پراتیک کہتے ہیں کہ ’اسی چیز کے لیے ہی تو جیتے ہیں، اپنے والدین کو فخر محسوس کروانے کے لیے۔‘
ٹوئٹر صارف آؤنی اختر کہتے ہیں کہ ’اگر خوش قسمتی سے آپ کی والدہ آج آپ کی زندگی میں موجود ہیں تو انھیں اتنا ہنسائیں جتنا بین سٹوکس نے اپنی کپتانی میں پہلی سیریز جیتنے کے بعد اپنی والدہ کو ہنسایا ہے۔‘
زوکو نامی ٹوئٹر صارف نے اس تصویر کو کوٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’یہ ہر لڑکے کا خواب ہے۔‘
خیال رہے کہ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیریز کا تیسرا میچ 23 جون سے ہیڈنگلے میں کھیلا جائے گا جبکہ اسی وقفے کے دوران ہی انگلینڈ کی ون ڈے ٹیم 17 جون سے 22 جون تک نیدرلینڈز کے ساتھ ون ڈے سیریز کھیلے گی۔

شیئر: