Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یاسر شاہ کی واپسی، سری لنکا کے خلاف قومی ٹیسٹ سکواڈ کا اعلان

سلمان علی آغا کی بھی قومی ٹیسٹ سکواڈ میں واپسی ہوئی ہے (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے  چیف سلیکٹر محمد وسیم نے دورہ سری لنکا کے لیے 18 رکنی قومی ٹیسٹ سکواڈ کا اعلان کردیا ہے، جبکہ لیگ سپنر یاسر شاہ کی قومی ٹیسٹ سکواڈ میں واپسی ہوئی ہے۔
دونوں ٹیموں کے مابین سری لنکا میں کھیلی گئی آخری ٹیسٹ سیریز میں یاسر شاہ نے24 وکٹیں حاصل کرکے پاکستان کو 1-2 سے فتح دلانے میں اہم کردار ادا کیاتھا۔ یاسر شاہ نے آخری مرتبہ اگست 2021 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف قومی کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کی تھی۔
مکمل فٹنس حاصل کرنے والے یاسر شاہ کے علاوہ سلمان علی آغا کی بھی قومی ٹیسٹ سکواڈ میں واپسی ہوئی۔ انہوں نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں 4224 رنز بنانے کے ساتھ ساتھ 88 وکٹیں بھی حاصل کررکھی ہیں۔
انجری کے باعث آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سکواڈ سے باہر ہونے والے محمد نواز کو دورہ سری لنکا کے لیے دوبارہ قومی ٹیسٹ سکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔
18 رکنی قومی ٹیسٹ سکواڈ میں تین اوپنرز، چار مڈل آرڈر بیٹرز، تین آلراؤنڈرز، دو وکٹ کیپرز، دو سپنرز اور چار فاسٹ بولرز شامل ہیں۔
اعلان کردہ قومی ٹیسٹ سکواڈ:
 بابر اعظم (کپتان)، محمد رضوان (نائب کپتان، وکٹ کیپر)، عبداللہ شفیق، اظہر علی، فہیم اشرف، فواد عالم، حارث رؤف، حسن علی، امام الحق، محمد نواز، نسیم شاہ، نعمان علی، سلمان علی آغا، سرفراز احمد (وکٹ کیپر)، سعود شکیل، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود اور یاسر شاہ۔
 پاکستان اور سری لنکا کے مابین آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شامل دو میچز گال اور کولمبو میں کھیلے جائیں گے۔ سیریز کا پہلا ٹیسٹ 16 سے 20 جولائی تک گال، جبکہ دوسرا 24 سے 28 جولائی تک کولمبو میں کھیلا جائے گا۔ سیریز میں شامل واحد تین روزہ وارم اپ میچ 11 جولائی سے کولمبو میں شروع ہوگا۔
سیریز کے لیے قومی ٹیسٹ سکواڈ کا تربیتی کیمپ 26 جون سے راولپنڈی میں شروع ہوگا۔ قومی سکواڈ 6 جولائی کو سری لنکا کے لیے روانہ ہوگا۔

چیف سلیکٹر کے مطابق سری لنکا کی کنڈیشنز کو پیش نظر رکھ کر قومی ٹیسٹ اسکواڈ کا انتخاب کیا گیا (فوٹو: اے ایف پی)

محمد وسیم، چیف سلیکٹر:
چیف سلیکٹر محمد وسیم نے کہا کہ سری لنکا کی کنڈیشنز کو پیش نظر رکھتے ہوئے قومی ٹیسٹ اسکواڈ کا انتخاب کیا گیا ہے۔ یاسر شاہ کی شمولیت سے ہمارا سپن اٹیک مضبوط ہوا ہے، جنہوں نے پاکستان کے آخری دورہ سری لنکا میں بھی میچ ونر کا کردار ادا کیا تھا۔ انہیں ساجد خان کی جگہ سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ 
انہوں نے مزید کہا کہ نعمان علی پہلے ہی قومی ٹیسٹ سکواڈ کا حصہ ہیں۔ سکواڈ میں شامل ہونے والے دوسرے کھلاڑی سلمان علی آغا گزشتہ تین سیزنز سے مستقل قابل ذکر کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں، وہ ایک مؤثر آف سپنر بھی ہیں۔
محمد وسیم نے کہا گو کہ آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے نتائج آئیڈیل نہیں تھے، تاہم بنگلہ دیش کے خلاف کامیابی حاصل کرنے والی ٹیم نے مہمان ٹیم کے خلاف بھی بہتر کرکٹ کھیلی تھی، جس کی وجہ سے انہوں نے سکواڈ میں زیادہ تبدیلیاں نہیں کیں۔

شیئر: