Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹوئٹر پر نیا فیچر’نوٹس‘ کیا ہے؟

’نوٹس‘ نامی نیا فیچر ابھی تک صرف تجربے کے مرحلے میں ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر نے آئندہ دنوں میں ’نوٹس‘ کے نام سے ایک نیا فیچر متعارف کروانے کا اعلان کیا ہے۔
ٹوئٹر پر ’نوٹس‘ ایک نیا فیچر ہو گا جس کا مقصد صارفین کو 280 الفاظ کے بجائے لمبی تحریر لکھنے کی سہولت فراہم کرنا ہے۔
ٹوئٹر کے ذیلی ادارے ٹوئٹر رائٹ کے مطابق ’ٹوئٹر لمبی تحریر لکھنے سے متعلق تجربہ کر رہا ہے۔‘
ٹوئٹر اس سے پہلے بھی کئی نئے فیچر متعارف کروا چکا ہے جن میں سپیس، تھریڈ، کمیونٹی اور شیڈول وغیرہ شامل ہیں۔
ٹوئٹر نے فلیٹ کے نام سے سٹوری شئیر کرنے کا فیچر بھی شامل کیا تھا جسے عوام کی عدم دلچسی کے باعث ختم کر دیا گیا۔
دنیا کے امیر ترین انسان اور ٹیسلا کے مالک ایلون مسک ٹوئٹر میں کئی تبدیلیوں کے خواہشمند ہیں۔
اسی سلسلے میں ٹوئٹر نے چند لکھاریوں سے تجربے کے طور پر نوٹس لکھوائے ہیں جنھیں صارفین ٹوئٹر اور ویب پر پڑھ سکتے ہیں۔
ٹوئٹر کے مطابق یہ شائع ہونے والے ’نوٹس‘ ہیں جو دراصل 280 الفاظ سے زیادہ کی تحریر لکھنے کا نیا طریقہ ہے۔
ٹوئٹر کے اس نئے فیچر پر صارفین بھی تبصرے کر رہے ہیں۔
جیمی نامی صارف نے ٹویٹ کیا کہ ’ہمیں صرف ایڈٹ بٹن چاہیے، نا کہ یہ۔‘
ایڈے والے نامی ایک صارف کہتے ہیں کہ ’یہ میڈیم کی طرح زیادہ لگ رہا ہے، لیکن ٹوئٹر کا فیچر ہے۔ کیا یہ ٹوئٹر تھریڈز کا اختتام ہو گا؟‘
میگی نامی ایک صارف لکھتی ہیں کہ 'یہ شاید اب لوگ تھریڈز لکھنے ختم کر دیں۔ وہ اب بلاگ لکھ سکتے ہیں۔‘
 نوٹس کے بارے میں ابتدائی اطلاعات یہ ہیں کہ یہ فیچر ٹوئٹر صارف کی پروفائل پر ٹویٹس اینڈ ریپلائز اور میڈیا کے بٹن کے درمیان لگایا جائے گا۔
خیال رہے ٹوئٹر کا ’نوٹس‘ نامی نیا فیچر ابھی تک صرف تجربے کے مرحلے میں ہے جسے عام صارفین کے لیے فعال نہیں کیا گیا۔

شیئر: