Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمان کی یونیورسٹی میں طالبہ کو گولیاں مار کر قتل کردیا گیا

طالبہ کو یونیورسٹی کے اندر کئی گولیاں ماری گئیں (فائل فوٹو: روئٹرز)
اردن کے دارالحکومت عمان کی ایک یونیورسٹی میں طالبہ کو گولیاں مار کر قتل کردیا گیا۔
عرب نیوز کے مطابق عمان کے پبلک سکیورٹی ڈائریکٹوریٹ نے جاری بیان میں کہا ہے کہ جمعرات کو ایپلائیڈ سائنس پرائیویٹ یونیورسٹی کے اندر طالبہ کو متعدد گولیاں ماری گئیں جبکہ ملزم موقع سے فرار ہوگیا۔ 
طالبہ کو تشویشناک حالت میں ہسپتال پہنچایا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکیں اور بعد میں وہ دم توڑ گئیں۔
سکیورٹی ڈائریکٹوریٹ کے مطابق ملزم کی شناخت اور گرفتاری کے لیے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔
ہلاک ہونے والی طالبہ کے بھائی نے بتایا کہ ’ملزم کا تعلق ان کے خاندان سے ہی ہے۔‘
یونیورسٹی نے جاری بیان میں واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’ان تمام افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی جو اس دردناک حادثے میں ملوث ہیں۔‘
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھی صارفین ملزم کو سزا دینے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
ایک صارف کا کہنا تھا کہ ’اردن کے لیے یہ انتہائی افسوسناک دن ہے کہ یونیورسٹی میں دن دیہاڑے خاتون طالبہ کو گولی مار کر ہلاک کیا گیا۔‘
ایک اور صارف نے لکھا کہ ’مرد جس دلیری سے لڑکیوں کو ہلاک کرتے ہیں اس سے قانون کی کمزوری واضح ہے اور کس طرح سے یہ (قانون) مردوں کو ترجیح دیتا ہے۔‘

شیئر: