Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمان کی یونیورسٹی میں فائرنگ سے قتل ہونے والی طالبہ سپرد خاک

پولیس نے جمعے کے روز ملزم کے گھر پر چھاپہ مارا لیکن وہ وہاں موجود نہیں تھے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
اردن کے دارالحکومت عمان کی ایک یونیورسٹی میں قتل ہونے والی طالبہ ایمان ارشاد کو اربد شہر میں سپرد خاک کردیا گیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق عمان کے پبلک سکیورٹی ڈائریکٹوریٹ نے اپنے بیان میں بتایا تھا کہ جمعرات کو ایپلائیڈ سائنس پرائیویٹ یونیورسٹی کے اندر 18 سالہ طالبہ کو متعدد گولیاں ماری گئیں جبکہ ملزم موقع سے فرار ہوگیا تھا۔
پولیس کے مطابق ’نامعلوم حملہ آور نے ٹوپی پہن رکھی تھی اور اس نے ایمان ارشاد کو امتحانی ہال سے نکلتے ہی گولیاں مار دی تھیں۔‘
وہ عمان کے شافع بدران کے علاقے میں اپلائیڈ سائنس یونیورسٹی میں نرسنگ کی طالبہ تھیں۔
پولیس کے ترجمان لیفٹیننٹ کرنل عامر سرتاوی نے بتایا کہ ’تفتیشی اہلکاروں نے فائرنگ کرنے والے مشتبہ شخص کی شناخت کرلی ہے، جو تاحال مفرور ہے۔‘
پولیس نے جمعے کے روز ملزم کے گھر پر چھاپہ مارا لیکن وہ وہاں موجود نہیں تھے۔
پولیس نے مزید بتایا کہ ملزم نے طالبہ کو پانچ سے زائد گولیاں ماریں، اور فائرنگ کرنے کے بعد موقع سے فرار ہوگیا۔
ایمان ارشاد کے ایک ساتھی نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ’حملہ آور یونیورسٹی کے مرکزی دروازے سے ہتھیار لے کر داخل ہوا تھا۔‘

شیئر: