Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

منٰی میں نئے خیموں کی تنصیب کا منصوبہ شروع کردیا گیا: گورنر مکہ 

عازمین حج  کے لیے 20 ملین مکعب میٹر پانی  فراہمی کا پروگرام ہے۔  (فوٹو العربیہ)
سعودی عرب میں گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ خالد الفیصل، جو مرکزی حج کمیٹی کے سربراہ بھی ہیں، نے منگل کو مشاعر مقدسہ (منی، مزدلفہ اور عرفات) کا دورہ کیا ہے اور حج مقامات پر انتظامات کا جائزہ لیا۔ 
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق شہزادہ خالد الفیصل نے عازمین حج کے لیے تمام ریاستی وسائل وقف کرنے اور حج انتظامات کی مسلسل نگرانی پر اعلی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ 
شہزادہ خالد الفیصل نے کہا کہ ’عازمین حج کی خدمت ایک ٹیم کے طور پر کرنا ہوگی تاکہ حج کے تمام کام آسانی اور اطمینان کے ساتھ مکمل کیے جا سکیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’کورونا وبا کے بعد پہلی بار اس سال دس لاکھ افراد حج کریں گے۔ ان میں سے ڈیڑھ لاکھ اندرون ملک اور ساڑھے 8 لاکھ باہر سے آئیں گے۔‘ 
گورنر مکہ مکرمہ نے کہا کہ ’میدان عرفات میں جبل رحمت کے اطراف کے علاقے کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور بہترین بنیادی ڈھانچہ قائم کرنے کے لیے ایک منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ پہلا مرحلہ دو لاکھ مربع میٹر کے رقبے پر نافذ ہوگا جہاں متعدد سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ 
انہوں نے کہا کہ ’منٰی میں نئے خیموں کی تنصیب کا منصوبہ شروع کردیا گیا ہے۔ پانچ لاکھ مربع میٹر کے رقبے پر نئے خیمے نصب کیے جا رہے ہیں یہ منٰی میں موجودہ خیموں کا 20 فیصد حصہ ہے جہاں نئے خیمے نصب کیے جا رہے ہیں۔‘ 

 اس سال 18 ہسپتالوں کا انتظام ہے۔ (فوٹو مکہ گورنریٹ)

شہزادہ خالد الفیصل نے کہا کہ ’وزارت صحت نے مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ میں 18 ہسپتالوں کا انتظام کیا ہے۔ ان میں 3700 سے زیادہ بستر مہیا ہیں۔ یہاں171 ہیلتھ سینٹرز بھی ہیں۔
علاوہ ازیں فیلڈ ہسپتال، جدہ اور طائف کے ہسپتال بھی حجاج کی خدمت کے لیے تیار ہیں۔ مکہ مکرمہ اور مشاعر مقسہ میں تین ارب ریال سے زیادہ کی لاگت سے بجلی کا نظام بہتر بنانے کے لیے متعدد منصوبے مکمل کیے گئے ہیں‘۔
خالد الفیصل نے بتایا کہ ’ذی الحجہ کے دوران عازمین حج  کے لیے 20 ملین مکعب میٹر پانی  فراہم کرنے کا پروگرام ہے۔‘ 

مکہ اور مشاعر مقسہ میں تین ارب ریال سے بجلی نظام بہتر کیا گیا ہے۔ (فوٹو مکہ گورنریٹ)

انہوں نے بتایا کہ ’مکہ مکرمہ اور جدہ  عازمین حج کو لانے لے جانے کے لیے 35 ٹرینوں کا بندوبست ہے۔ ہر ٹرین سے 417 افراد سفر کرسکتے ہیں۔ یہ ٹرینیں روزانہ 30 چکر لگائیں گی۔ ان کی تعداد بڑھائی جا سکتی ہے‘۔ 
خالد الفیصل نے بتایا کہ ’منی، مزدلفہ اور عرفات کی ٹرین 2 لاکھ 10 ہزار حاجیوں کو سفر کی سہولت فراہم کرے گی۔ علاوہ ازیں 7 لاکھ 90 ہزارعازمین حج کو 16 ہزار نئی بسیں ایک مقام سے دوسرے مقام آنے جانے کی سہولت دیں گی‘۔

گورنر کو حج میں پیش کی جانے والی خدمات سے آگاہ کیا گیا۔ (فوٹو مکہ گورنریٹ)

گورنر خالد الفیصل نے منی، مزدلفہ اورعرفات میں نئے ترقیاتی منصوبوں کا معائنہ کیا۔ ان میں جبل رحمت کے اطراف تجدید کا منصوبہ، میدان عرفات میں نئے بنیادی ڈھانچے کا منصوبہ، منی میں نئے خیموں کی تنصیب اور مزدلفہ میں رات گزارنے کے لیے کیے جانے والے انتظامات شامل ہیں۔
اس موقع پر گورنر مکہ کو جبل رحمت کے اطراف دو لاکھ مربع میٹر کے رقبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے والے منصوبے کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ 
مشاعر مقدسہ کے دورے کے اختتام پر مزدلفہ میں مرکزی حج کمیٹی کا اجلاس ہوا خالد الفیصل نے صدارت کی۔ انہیں حج انتظامات سے آگاہ کیا گیا۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: