Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

موھبہ کے طلباء کی 5 بین الاقوامی سائنسی مقابلوں میں شمولیت

گزشتہ 10 سال میں طلباء نے500 سے زائد تمغے و اعزاز حاصل کیے ہیں۔ فوٹو عرب نیوز
سعودی طلباء میں تخلیقی صلاحیتیں اجاگر کرنے کی آرگنائزیشن کنگ عبدالعزیز اور ان کے ساتھیوں کی فاؤنڈیشن (موھبہ) کی جانب سے سعودی طلباء و طالبات کا گروپ جولائی اور اگست میں منعقد ہونے والے پانچ بین الاقوامی سائنسی مقابلوں میں حصہ لینے کی تیاری کر رہا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق طلباء کی دو ٹیمیں کنگ عبداللہ یونیورسٹی برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (کاؤسٹ)میں اس سے قبل اپنے تربیتی پروگرام مکمل کر چکی ہیں۔
بین الاقوامی مقابلوں میں حصے لینے کے لیے طلباء کی دو ٹیمیں بنائی گئی ہیں جو6 سے16جولائی تک ناروے کے شہر اوسلو میں ریاضی کے بین الاقوامی مقابلوں میں حصہ لیں گی جب کہ 7 سے 15 اگست تک انڈونیشیا میں انفارمیٹکس کے بین الاقوامی مقابلوں کا حصہ بنیں گی۔
انفارمیٹکس ایونٹ میں پروگرامنگ اور ٹریڈنگ کے طریقہ کار( الگورتھمک) کے مسائل حل کرنے کے چیلنجز شامل ہیں۔
دریں اثناء تین دیگر ٹیموں کے 38 طلباء جن میں مرد اور خواتین شامل ہیں دو ہفتے کے یونیورسٹی لیول کے اہم تربیتی پروگراموں میں حصہ لینے کے لیے پیر کے روز ہنگری کے شہر بڈاپسٹ پہنچے ہیں۔
علاوہ ازیں چین کی میزبانی میں بین الاقوامی کیمسٹری کے مقابلوں میں حصہ لینے کے لیے14 طلباء کی ٹیم بھرپور تیاری کر رہی ہے۔

امید ہے بین الاقوامی مقابلوں میں طلباء مزید کامیابیاں سمیٹیں گے۔ فوٹو عرب نیوز

سوئٹزرلینڈ کی میزبانی میں بین الاقوامی فزکس اولمپیاڈ 2022 میں ٹیم کے لیے 12 طلباء نامزد کیے گئے ہیں اور 12طلباء کی ٹیم آرمینیا میں بین الاقوامی بیالوجی اولمپیاڈ 2022 میں جگہ حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
10 تا 18جولائی کے درمیان ہونے والے ان تین ایونٹس میں سے ابتدائی دو ایونٹس ورچوئل ہوں گے۔
فزکس ٹیم کا تربیتی پروگرام بڈاپسٹ یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی اینڈ اکنامکس میں جب کہ بیالوجی کی ٹیم ہنگرین سوسائٹی آف بیالوجی میں اور کیمسٹری ٹیم کا تربیتی پروگرام اوٹووس لورنڈ یونیورسٹی بڈاپسٹ میں منعقد ہو رہا ہے۔
طلباء اپنے خاص مضامین میں روزانہ تقریباً آٹھ گھنٹے تجربہ کار اور اہل بین الاقوامی ٹرینرز کی نگرانی میں لیکچرز اور ٹیوشن مکمل کریں گے جس میں جدید سائنسی مسائل کا حل تلاش کرنے کی تربیت بھی شامل ہوگی۔

بین الاقوامی مقابلوں میں حصے لینے کے لیےدو ٹیمیں بنائی گئی ہیں۔ فوٹو عرب نیوز

اس موقع پرموھبہ فاونڈیشن کی قائم مقام سیکریٹری جنرل امل الھزاء نے بتایا ہے کہ ہونہار طلباء تیاری کے لیے قائم کئے گئے کیمپوں میں حصہ لینے سے پہلے اپنے تربیتی پروگرام مکمل کر چکے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس مقام تک پہنچنے کے لیے سب طلباء نے اعلیٰ سطح کی مہارت اور تجربہ حاصل کر لیا ہے جہاں وہ بین الاقوامی مقابلے میں مملکت کی نمائندگی کر سکتے ہیں۔
سیکریٹری جنرل نے انکشاف کیا کہ گزشتہ 10 سال میں سعودی عرب کے طلباء نے ایسے مقابلوں میں 500 سے زائد تمغے اور دیگر اعزاز حاصل کیے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں امید ہے کہ یہ طلباء آنے والے پانچ بین الاقوامی مقابلوں میں مزید کامیابیاں سمیٹیں گے۔
 

شیئر: