Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آئی ایم ایف ایک ارب ڈالر کے لیے تگنی کا ناچ نچا رہا ہے: رانا ثنااللہ

وفاقی حکومت قرضے کے حصول کے لیے آئی ایم ایف سے مذاکرات کر رہی ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف ایک ارب ڈالر کے لیے تگنی کا ناچ نچا رہا ہے۔
سنیچر کو وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے پولیس لائن اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب میں کہا کہ ایک یا ڈیڑھ ارب ڈالر کے لیے ہم آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنی بھرپور کوشش کی کہ ہم تیل کی قیمتیں نہ بڑھائیں۔
’ملک کو اگر اگلے تین مہینوں میں نگران حکومت کے حوالے کر دیں تو جو ملک کی معاشی صورتحال ہے، معاشی ماہرین کہہ رہے تھے کہ ملک دیوالیہ ہو جائے گا۔‘
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے معاہدے پر صحیح طریقے سے بات چیت نہیں ہوئی تھی۔
’سابق حکومت نے معاہدہ غلط کیا اور دیر سے کیا اور اس کے بعد عملدرآمد میں خامیاں چھوڑی گئیں۔‘
وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ اس ملک کی معیشت اور امن و امان کی صورتحال سیاسی اتفاق رائے کے بغیر ممکن نہیں۔
’جب تک تمام سیاسی قوتیں سر جوڑ کر نہیں بیٹھیں گی اور جب تک اس بات کو محسوس نہیں کریں گی کہ ہم نے قوم اور ملک کو اس بھنور سے نکالنا ہے۔ اس وقت تک شاید کسی کے لیے اس کا حل ممکن نہیں ہوگا۔‘
پی ٹی آئی کے سربراہ اور سابق وزیراعظم عمران خان کی جانب اشارہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ صرف فرد واحد فساد فی الارض پر بضد ہے۔
’وہ سب کو گالیاں دیتا ہے۔ وہ سب کو برا کہتا ہے، صرف اپنے آپ کو اچھا سمجھتا ہے، کسی کے ساتھ بیٹھنے کو تیار نہیں اور ہر کسی کو کہتا ہے کہ فلاں کو بھی نہیں چھوڑوں گا اور فلاں کو بھی نہیں چھوڑوں گا۔‘

شیئر: