Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عامر لیاقت حسین کی اہلیہ دانیہ شاہ کے خلاف کارروائی، ایف آئی اے کا جواب جمع

عدالت نے آئندہ سماعت پر ایف آئی اے کے جمع کرائے گئے جواب پر مزید دلائل طلب کرلیے ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)
معروف اینکر ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کی اہلیہ دانیہ شاہ کے خلاف سائبر کرائم ایکٹ کے تحت کارروائی سے متعلق کیس میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے اپنا جواب عدالت میں جمع کروا دیا۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر ایف آئی اے کے جمع کرائے گئے جواب پر مزید دلائل طلب کر لیے ہیں۔
عامر لیاقت کی نازیبا تصاویر اور ویڈیوز جاری کرنے کے خلاف دائر درخواست کی سماعت بدھ کو کراچی کی سیشن کورٹ جنوبی میں ہوئی۔
ایف آئی اے کی جانب سے عدالت میں جواب جمع کرادیا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ ’درخواست گزار متاثرہ فریق نہیں ہیں، عامر لیاقت کے اہل خانہ کی جانب سے دانیہ شاہ کے خلاف کارروائی سے متعلق کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی۔‘
ایف آئی اے کے جمع کرائے گئے جواب میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ بات تسلیم شدہ ہے کہ کسی کی غیر اخلاقی تصاویر یا ویڈیوز سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنا سنگین جرم ہے۔
’ایف آئی اے سائبر کرائم کو اختیار ہے کہ اس طرح کی شکایت پر کارروائی کر سکتی ہے، تاہم درخواست گزار متاثرہ فریق کے معیار پر پورا نہیں اُترتا۔‘
’درخواست گزار کی جانب جس ویڈیو کا دعویٰ کیا گیا ہے اس سے متعلق کوئی شواہد فراہم نہیں کیے گئے۔ درخواست گزار اس طرح کی شکایت کرنے کا مجاز نہیں ہے، عدالت سے استدعا ہے کہ درخواست مسترد کی جائے۔‘
عدالت نے کیس کی مزید سماعت 14 جولائی تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر ایف آئی اے کی رپورٹ پر مزید دلائل طلب کر لیے ہیں۔
یاد رہے کہ کراچی کی ایک سماجی تنظیم نے دانیہ شاہ کے خلاف سیشن عدالت میں دائر درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ دانیہ شاہ نے سوشل میڈیا پر عامر لیاقت کی نازیبا ویڈیوز وائرل کیں جس سے وہ ذہنی دباؤ کا شکار ہوئے تھے۔
یاد رہے کہ عامر لیاقت حسین رواں برس 9 جون کو کراچی میں واقع اپنے گھر میں مردہ پائے گئے تھے۔

شیئر: