Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آنے والے دنوں میں شہباز شریف بڑا ریلیف دیں گے، مریم نواز کا جلسے سے خطاب

مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف، شہباز شریف اور ن لیگ عوام کو تمام مشکلات سے نکال کر لے جائے گی۔ فوٹو: ن لیگ ٹوئٹر
پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ ’پنجاب کے ضمنی الیکشنز میں شیر کو کوئی نہیں ہرا سکتا۔‘
جمعے کو شیخورہ میں پنجاب اسمبلی کے حقلہ پی پی 140 میں انتخابی مہم کے دوران جلسے سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ ’مجھے پتا ہے یہاں مہنگائی ہے مگر میں نے عوام کی محبت اور شفقت کوئی کمی نہیں دیکھی۔‘
انہوں نے کہا کہ ’آج بھی پنجاب شیر کے ساتھ کھڑا ہے کیونکہ وہ جانتے ہیں یہ مہنگائی کس کی وجہ سے ہے۔ آئی ایم ایف سے تیل کی قیمتیں بڑھانے کا معاہدہ کس نے کیا تھا۔‘
مریم نواز نے کہا کہ ’نواز شریف، شہباز شریف اور ن لیگ عوام کو تمام مشکلات سے نکال کر لے جائے گی۔‘
انہوں نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو مخاطب کر کے کہا کہ ’پنجاب تمھیں ووٹ اس لیے دے کہ تم پنکی پیرنی اور فرح گوگی کو لگا دو۔ پنجاب غریب ہوگیا پنکی پیرنی اور فرح گوگی کے بچے امیر نہیں بلکہ ارب پتی ہوگئے۔‘
مریم نواز کا کہنا تھا کہ ’حمزہ شہباز نے اعلان کیا کہ جن کا بجلی کا بل 100 یونٹ آیا وہ بل ادا نہیں کریں گے پنجاب حکومت ادا کرے گی لیکن عمران خان اس کو روکنے کے لیے عدالت میں چلے گئے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’پیٹرول کی قیمتیں نیچے جارہی ہیں، آنے والے دنوں میں شہباز شریف بڑا ریلیف دیں گے۔ ’فتنہ خان سن لو نواز شریف سب کے گھر بھی روشن کرے گا اور تمھارے چودہ طبق بھی روشن کرے گا۔‘
’فتنہ خان نے ہم پر الزامات لگائے، یہ 75 سال میں پہلا وزیر اعظم ہے جس کو اس کے اپنے لوگوں نے مار کر باہر پھینکا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’طیبہ گل چیئرمین نیب کی ویڈیو لے کر عمران خان کے پاس گئی کہ مجھے انصاف دو۔ فتنہ خان نے اس سے ویڈیو لے لی اور ڈیڑھ ماہ حبس بے جا میں رکھا اور چیئرمین نیب کو بلیک میل کرنا شروع کردیا کہ ن لیگ کے خلاف مقدمات بناؤ۔‘
مسلم لیگ کی رہنما نے کہا کہ ’اس کے بعد ن لیگ کے خلاف کیسز بننا شروع ہوگئے جبکہ تحریک انصاف کے کیسز ختم ہوگئے۔‘

شیئر: