Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سیلاب کی تباہ کاریاں اور بس حادثے میں ہلاکتوں سمیت پاکستان سے گزشتہ ہفتے کی اہم خبریں

اسلام آباد سے کوئٹہ جانے والی بس کے حادثے میں پانچ طلبہ سمیت 19 مسافروں کی ہلاکت ہوئی۔ فوٹو: اردو نیوز
پاکستان میں گزشتہ ہفتے کی سب سے بڑی خبر تو سیلاب سے بلوچستان میں تباہی اور ملک بھر میں 77 قیمتی انسانوں جانوں کا ضیاع رہی۔
وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی شیری رحمان نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ حالیہ مون سون کی بارشوں سے ملک بھر میں 77 افراد ہلاک ہوئے جبکہ سب سے زیادہ جانی نقصان صوبہ بلوچستان میں ہوا۔
بس حادثے میں پانچ طلبہ سمیت 19 مسافر ہلاک
دیگر خبروں میں اسلام آباد سے کوئٹہ جانے والی بس کے حادثے میں پانچ طلبہ سمیت 19 مسافروں کی افسوسناک خبر بھی نمایاں رہی۔
بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے سرحدی علاقے میں مسافر بس کے حادثے میں بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے پانچ طالب علموں سمیت 19 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ دو شدید زخمی ہیں۔ تمام طلبا کا تعلق بلوچستان سے تھا۔ 
فرح خان کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے کا اعلان
صوبہ پنجاب کی حکومت کی جانب سے سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی دوست فرح خان کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے کا اعلان بھی اہم خبر رہی۔
پنجاب حکومت کے ترجمان عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ ’ہم فرح گوگی کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے جا رہے ہیں اور جس دن بھی فرح گوگی اور احسن جمیل واپس آئے ایک گھنٹے میں وعدہ معاف گواہ بنیں گے۔‘
مہنگائی کی لہر مگر معیشت قابو میں
پاکستان دنیا بھر کی طرح تیل کی بڑھتی قیمتوں کے باعث مہنگائی سے متاثر ہے تاہم ملک کے وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ’حکومت نے معیشت کو قابو میں کر لیا ہے، جلد ہی آئی ایم ایف سے مذاکرات کریں گے جس کے بعد زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری آئے گی۔‘
راولپنڈی و اسلام آباد کے شہریوں کے نئی بس سروس
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں دو بس سروسز گرین لائن اور بلیو لائن کے افتتاح کے بعد اعلان کیا کہ ’تمام مسافر ان بسوں پر ایک ماہ تک مفت سفر کر سکیں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے جمعرات کی صبح اسلام آباد میں گرین لائن و بلیو لائن بس سروس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’عوامی پبلک ٹرانسپورٹ کا اجرا جڑواں شہروں کے لیے اہم ہے۔‘
پنجاب کے ضمنی الیکشن کی مہم
تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’مجھ پر 15 نہیں 1500 مقدمات درج کرا دو میں تمہارا پیچھا نہیں چھوڑوں گا۔‘
ساہیوال کی تحصیل چیچہ وطنی میں حلقہ پی پی 202 میں ضمنی الیکشن کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ’یہ جو مرضی کرلیں 17 جولائی کو ہم 20 کی 20 نشستیں جیتیں گے۔‘

سپائس جیٹ کے طیارے نے خرابی کے باعث کراچی میں ہنگامی لینڈنگ کی۔ فوٹو: اے ایف پی

پنجاب میں 100 یونٹ مفت بجلی دینے کا اعلان
پنجاب کے وزیراعلیٰ حمزہ شہباز کی جانب سے 100 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے گھروں کی بجلی مفت کر دینے کے اعلان کو عوامی حلقوں نے سراہا تاہم الیکشن کمیشن نے ضمنی الیکشن کے تناظر میں اس کا نوٹس لے کر جواب طلب کیا۔
دوسری جانب تحریک انصاف نے اس اعلان کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا۔
انڈین طیارے کی کراچی میں ہنگامی لینڈنگ
نئی دہلی سے دبئی جانے والے انڈین ایئرلائن سپائس جیٹ کے طیارے نے انجن میں خرابی کے باعث کراچی میں ہنگامی لینڈنگ کی۔
مسافروں کو لاؤنج منتقل کیا گیا اور بعد ازاں ایئرلائن کی جانب سے بھیجے گئے متبادل طیارے پر کراچی سے اپنی منزل کی جانب روانہ ہو گئے
جہاز پر 132 مسافر اور عملے کے 12 ارکان سوار تھے۔

 

خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: