Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا میں بیوی سے بیرون ملک دورہ چھپانے والا شخص گرفتار

پولیس نے پاسپورٹ کے صفحات پھاڑنے پر ایئر پورٹ سے شخص کو گرفتار کیا۔ فوٹو: اے ایف پی
انڈیا کے شہر ممبئی میں پولیس نے پاسپورٹ کے صفحات پھاڑنے پر ایک 32 سالہ شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔
انڈین چینل ’این ڈی ٹی وی‘ کے مطابق پاسپورٹ پر بیرون ملک دورے کی تفصیلات موجود نہ ہونے پر 32 سالہ شخص کو ممبئی ایئرپورٹ سے حراست میں لیا گیا۔
پولیس کے مطابق مذکورہ شخص نے اپنے پاسپورٹ سے چند صفحات پھاڑے ہوئے تھے تاکہ ان کی بیوی کو ان کے بیرون ملک دورے کا علم نہ ہوسکے۔
ایک پولیس افسر نے ’این ڈی ٹی وی‘ کو بتایا کہ گرفتار ہونے والا شخص کسی اور خاتون سے ملنے بیرون ملک گیا تھا اور نہیں چاہتا تھا کہ اس کی بیوی کو پاسپورٹ کے ذریعے اس دورے کا علم ہو۔
گرفتار ہونے والے شخص نے پولیس کو دوران تفتیش بتایا کہ وہ ملک سے باہر ایک خاتون سے ملنے گیا تھا لیکن اپنی بیوی کو یہ بتا کر گیا کہ وہ انڈیا میں ہی کسی دوسرے شہر دفتر کے کام سے جا رہا ہے۔
اس شخص نے پولیس کومزید بتایا کہ اس دورے کے دوران وہ اپنی بیوی کی فون کالز نہ اٹھا سکا جس کے باعث اسے شک ہوگیا اور یہی وجہ تھی کہ اس نے اپنے پاسپورٹ کے وہ صفحات جس پر سٹامپ لگی تھی پھاڑ دیے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ انڈین قوانین کے مطابق پاسپورٹ سے بیرون ملک دورے کی تفصیلات مٹانا فراڈ کے زمرے میں آتا ہے اور یہ قابل گرفتاری جرم ہے۔

شیئر: