Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بین سٹوکس ون ڈے کرکٹ سے ریٹائر، ’ورلڈ کپ جتوانے کا شکریہ‘

بین سٹوکس نے کہا کہ وہ اب اپنی تمام توجہ ٹیسٹ کرکٹ پر مرکوز کرنا چاہتے ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز آل راؤنڈر اور ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بین سٹوکس نے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔
پیر کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بین سٹوکس نے ون ڈے کرکٹ سے ریٹائر ہونے کا اعلان کیا۔
بین سٹوکس نے کہا ہے کہ ’یہ جتنا مشکل فیصلہ تھا، اس سے زیادہ مشکل نہیں تھا کہ میں اپنا سو فیصد اس فارمیٹ میں اپنی ٹیم کو نہ دے سکوں، تینوں فارمیٹ میں کھیلنا میرے لیے اب ممکن نہیں رہا۔‘
’سخت شیڈول کے باعث نہ صرف میرا جسم اب میرا ساتھ چھوڑ رہا ہے بلکہ مجھے یہ بھی محسوس ہورہا ہے کہ میں کسی ایسے کھلاڑی کی جگہ لے رہا ہوں جو کپتان جوز بٹلر اور ٹیم کا مکمل ساتھ دے سکتا ہے۔‘
بین سٹوکس نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ جنوبی افریقہ کے خلاف منگل کو ڈرہم میں ہونے والا ون ڈے میچ ان کے ون ڈے کیریئر کا آخری میچ ہوگا۔
ان کا مزید یہ بھی کہنا تھا کہ وہ اب اپنی تمام توجہ ٹیسٹ کرکٹ پر مرکوز کرنا چاہتے ہیں اور اب محسوس کرتے ہیں کہ وہ ٹی 20 فارمیٹ سے مکمل طور پر وابستہ رہ سکتے ہیں۔

بین سٹوکس اپنے ون ڈے کیریئر میں 104 میچ کھیلے ہیں، جس میں انھوں نے 39 کی اوسط سے 2919 رنز بنائے ہیں۔
بین سٹوکس کے ون ڈے کیریئر کی سب سے یادگار اننگز 2019 کے کرکٹ ورلڈ کپ کے فائنل میں نیوزی لینڈ کے خلاف میچ وننگ اننگز کو مانا جاتا ہے جہاں مشکل پِچ پر انھوں نے 98 گیندوں پر 84 رنز بنا کر انگلینڈ کو ورلڈ کپ جتوایا تھا۔
کرکٹ کی معروف ویب سائٹ کرک انفو نے ابھی اسی اننگز کا اعتراف اپنے ٹویٹ میں کیا ہے۔

بین سٹوکس کی جانب سے ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان ہونے کے بعد سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر اور مائیکروبلاگنگ کی ایپ انسٹاگرام پر انھیں بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔
انڈین کرکٹ ٹیم کے سپر سٹار بیٹر وراٹ کوہلی نے انسٹاگرام پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’میں جتنے لوگوں کے خلاف کھیلا ہوں، آپ ان سب میں سب سے زیادہ قابل آدمی ہیں، احترام۔‘
پاکستانی کرکٹر شاداب خان کہتے ہیں کہ ’شاندار کیریئر پر مبارکباد ہو بین سٹوکس، ٹیسٹ کیریئر اور بقیہ ذمہ داریوں کے لیے نیک تمنائیں، ون ڈے کرکٹ میں آپ کی کمی ضرور محسوس ہوگی۔‘
ان ایکٹو نامی ایک صارف نے لکھا ہے کہ ’ہمیں ورلڈ کپ جتوانے کے لیے شکریہ، دیکھیں گے کہ اب آپ ٹیسٹ ٹیم کو کہاں پہنچاتے ہیں۔‘

مومنہ نامی ایک صارف کہتی ہیں کہ ’گلیاں یہ کبھی فراموش نہیں کریں گی، ریٹائرمنٹ مبارک ہو بین، آپ کی کمی محسوس ہوگی۔‘

خیال رہے کہ انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان تین ون ڈے میچز کی سیریز کا پہلا میچ چیسٹر لی سٹریٹ ڈرہم میں کھیلا جائے گا، جو کہ بین سٹوکس کے کیریئر کا آخری ون ڈے میچ ہوگا۔

شیئر: