Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈین وزیر دفاع کا کشمیر سے متعلق بیان، پاکستان کی شدید مذمت

پاکستان کے دفتر خارجہ کے مطابق ’انڈین سیاسی رہنماؤں کے اشتعال انگیز بیانات انڈیا کے زیرانتظام جموں و کشمیر کی حقیقت کو تبدیل نہیں کر سکتے۔‘ (فائل فوٹو: عرب نیوز)
پاکستان نے انڈین وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے انڈیا کے زیرانتظام کشمیر کے حوالے سے بیان کو مسترد کرتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے۔
اتوار کو پاکستان کے دفتر خارجہ کی جانب سے ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’پاکستان جموں میں ایک حالیہ تقریب میں بھارتی وزیر دفاع کے غیر ضروری اور مکمل طور پر ناقابل قبول تبصروں کو مکمل طور پر مسترد کرتا ہے اور اس کی شدید مذمت کرتا ہے۔‘
’انڈین وزیر نے اپنے بیان میں تنازع جموں و کشمیر کے حوالے سے تاریخی حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کیا، بے بنیاد الزامات لگائے اور پاکستان کو دھمکیاں دیں۔‘
واضح رہے گزشتہ روز انڈین وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے جموں میں ایک تقریب کے دوران پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کو انڈیا کا حصہ قرار دیا تھا۔
انڈین اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق ان کا کہنا تھا ’یہ کیسے ممکن ہے کہ بابا امرناتھ انڈیا میں ہو اور ماں شاردا شکتی لائن آف کنٹرول کے پار ہو۔‘
دفتر خارجہ کے مطابق ’یہ پہلا موقع نہیں ہے جب کسی سینیئر انڈین سیاستدان نے انڈیا کے جموں و کشمیر پر غیرقانونی قبضے کے خلاف وہاں کے عوام کی جائز اور مقامی جدوجہد آزادی پر اعتراضات کرنے کی کوشش کی ہو۔‘
’تاہم انڈین سیاسی رہنماؤں کے اشتعال انگیز بیانات انڈیا کے زیرانتظام جموں و کشمیر کی حقیقت کو تبدیل نہیں کر سکتے۔‘
پاکستان کے دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں عالمی برادری سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ ’وہ انڈیا کی جانب سے کشمیری عوام پر جاری مظالم اور جموں و کشمیر کے آبادیاتی ڈھانچے کو تبدیل کرنے کی غیر قانونی کوششوں سے روکنے کے لیے عملی اقدامات کرے۔‘

شیئر: