Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمران خان پر تاریخ کی سب سے بڑی منی لانڈرنگ ثابت ہوگئی: نواز شریف

نواز شریف کے مطابق ’فارن فنڈنگ کا فیصلہ 8 سال بعد مکمل ثبوتوں اور حقائق کے ساتھ سامنے آیا ہے‘ (فائل فوٹو: پی ٹی آئی)
سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کا کہنا ہے کہ ’فارن فنڈنگ کا فیصلہ 8 سال بعد مکمل ثبوتوں اور حقائق کے ساتھ سامنے آیا ہے۔‘
منگل کو فارن فنڈنگ کیس پر الیکشن کمیشن کے فیصلے پر لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ ’عمران خان جان بوجھ کر اس کیس میں تاخیری حربے استعمال کرتے رہے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’آج عمران خان پر تاریخ کا سب سے بڑا ڈاکہ، سب سے بڑی منی لانڈرنگ اور چوری ثابت ہوگئی ہے۔‘
’اس نے بہت بڑی منی لانڈرنگ کی ہوئی تھی اس لیے تو بار بار کہتا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر استعفیٰ دیں، اور الیکشن کمیشن کے خلاف جمعرات کو احتجاج کی کال بھی دے رکھی ہے۔‘
مسلم لیگ ن کے قائد کا کہنا تھا کہ ’الیکشن کمیشن کی 8 سال کی جدوجہد کے بعد یہ رپورٹ سامنے آئی ہے جس سے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوگیا ہے۔‘
’آپ نے غیر ملکیوں سے پیسہ لیا اور جب غیر ملکیوں سے پیسہ لیں گے تو ان کے ایجنڈے پر ہی عمل کریں گے، اس کا نتیجہ آپ نے پاکستان کی معیشت کی تباہی کی صورت میں دیکھ لیا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ثاقب نثار اتنا بڑا ظلم ڈھا گئے ہیں، پہلے انہوں نے عمران خان کو جعلی صادق اور امین کا سرٹیفیکیٹ جعلی کاغذوں پر دیا۔‘
’ثاقب نثار نے کہا تھا کہ ہم نے مریم نواز اور نواز شریف کو سزا دینی ہے اور عمران خان کو لانا ہے، اس کو لانا ہے ان کو جیلوں میں ڈالنا ہے۔‘

شیئر: