Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات اور مصر کا منی لانڈرنگ کے انسداد پر تبادلہ خیال

یہ اجلاس امارات اور مصر کے تعلقات مضبوط بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔ فوٹو عرب نیوز
متحدہ عرب امارات اور مصر کے حکام نے منی لانڈرنگ اور دہشت گردوں کی مالی معاونت کے انسداد کے لیے دونوں ممالک کی کوششوں اور ہم آہنگی پر ایک اجلاس میں  تبادلہ خیال  کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق امارات کی نیوز ایجنسی نے بتایا ہے کہ  انسداد منی لانڈرنگ اور انسداد دہشت گردی کی مالی معاونت کے ایگزیکٹو آفس کے ڈائریکٹر جنرل حامد الزابی نے مصر میں انسداد منی لانڈرنگ اور  انسداد دہشت گردی کی مالی معاونت کرنے والے یونٹ کے بورڈ آف ٹرسٹیز کے چیئرمین احمد خلیل اور اس کے علاقائی نمائندہ جج حاتم علی سے خلیج میں انسداد  منشیات و جرائم کے اقوام متحدہ کے دفتر میں ملاقات کی۔

مالی جرائم  کےخاتمے سے متعلق معلومات کا تبادلہ اہم جزو ہے۔ فوٹو گلف نیوز

اجلاس میں متحدہ عرب امارات کی جانب سے مالی جرائم سے نمٹنے کے لیے ایک موثر نظام اور نجی شعبے کے ساتھ شراکت داری کے لیے اٹھائے جانے والےاہم اقدامات پر روشنی ڈالی گئی۔
مصر کے وفد کی جانب سے قومی نظام کو آگے بڑھانے کے طریقوں اور مصر کی طرف سے اٹھائے گئے اہم اقدامات پر بھی روشنی ڈالی گئی۔
اس موقع پرحامد الزابی نے کہا ہے کہ ایگزیکٹو آفس میں ہونے والے اجلاس میں شامل ممالک کے ساتھ انسداد منی لانڈرنگ کے مسئلہ پر مسلسل بات چیت ہمارے قومی ایجنڈے کی ترجیحات میں سے ایک ہے۔

دہشت گردی کی مالی معاونت کے انسداد کے لیےتعاون میں پیشرفت ہوگی۔ فوٹو عرب نیوز

انہوں نے مزید بتایا کہ بین الاقوامی تعاون  کے ساتھ ہر قسم کے مالی جرائم  کےخاتمے سے متعلق معلومات کا تبادلہ ہماری کوششوں کا اہم جزو ہے۔
حامد الزابی نے کہا کہ ہم مصر کے ساتھ انسداد دہشت گردی کی مالی معاونت کے حوالے سے مضبوط پارٹنرہیں اور ہم اپنے تمام شراکت داروں کے ساتھ موثر تعاون کو اہمیت دیتے ہیں۔
یہ اجلاس متحدہ عرب امارات اور مصر کے اسٹریٹجک تعلقات کو مضبوط بنانے اور اسے عرب ممالک کے لیے ایک ماڈل کے طور پر اجاگر کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔
 

شیئر: