Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکی سفیر کا تحریک انصاف کی صوبائی حکومت کو 36 ایمبولینسز کا تحفہ

امریکی سفیر کا کہنا تھا کہ ’امریکہ اور پاکستان کے درمیان بہتر تعلقات ہیں‘ (فوٹو: سکرین گریب)
سول سیکرٹریٹ پشاور میں محکمہ صحت خیبرپختونخوا کو گاڑیاں حوالے کرنے کی تقریب منعقد ہوئی جس میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے بھی شرکت کی۔
محکمہ صحت پشاور کے مطابق امریکی سفیر نے محکمہ صحت خیبر پختونخوا کو 36 گاڑیوں کی چابیاں حوالے کیں۔
’یہ گاڑیاں اضلاع کی سطح پر مختلف بیماریوں کی روک تھام کے لیے استعمال میں لائی جائیں گی۔‘
اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکہ سفیر ڈونلڈ بلوم کا کہنا تھا کہ ’ کورونا وائرس سے نمٹنے اور اس کے خاتمے کے لیے بھی امریکہ نے پاکستان کی امداد کی۔‘
’امریکہ اور پاکستان کے درمیان بہتر تعلقات ہیں، امریکہ پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں امداد کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔‘
تقریب میں وزیر صحت خیبر پختونخوا تیمور سلیم جھگڑا اور دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔
امریکی سفیر کی وزیراعلٰی خیبر پختونخوا سے ملاقات
اس سے قبل امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے وزیراعلٰی خیبرپختونخوا محمود خان سے ملاقات کی  جس میں دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
صوبائی وزیر خزانہ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ اور دیگر حکام بھی ملاقات میں موجود تھے۔
وزیراعلٰی نے صوبے کے پہلے دورے پر امریکی سفیر کو خوش آمدید کہا۔  
انہوں نے مختلف شعبوں میں صوبائی حکومت کے ساتھ تعاون اور اشتراک کار پر امریکی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔  
محمود خان کا کہنا تھا کہ ’صوبائی حکومت اور صوبے کے عوام مختلف شعبوں میں امریکی تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔‘

شیئر: