Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کامن ویلتھ گیمز: مزید دو چاندی اور ایک کانسی کا تمغہ پاکستان کے نام

دو پاکستانی ریسلرز فائنل مرحلے تک پہنچے (فائل فوٹو: ویڈیو گریب)
برطانیہ کے دوسرے بڑے شہر برمنگھم میں جاری دولت مشترکہ کھیلوں میں پاکستانی ریسلر عنایت اللہ نے تمغہ جیت لیا۔
میڈل مرحلے کے لیے ہونے والے ریسلنگ مقابلوں میں پہلا میچ پاکستانی اور سکاٹش ریسلر کے درمیان کھیلا گیا۔
مینز فری سٹائل کی 65 کلوگرام کیٹیگری میں پاکستان کے عنایت اللہ کا مقابلہ سکاٹ لینڈ کے روس کونیلی سے ہوا۔
مقابلے کی ابتدا سے ہی پاکستانی ریسلر حریف پر حاوی رہے اور کسی بھی مرحلے پر انہیں پوائنٹ سکور کرنے کا موقع نہیں دیا۔ عنایت اللہ نے برونز میڈل کے لیے میچ میں مقابل کھلاڑی کو 10 صفر سے شکست دی۔
متعدد مرتبہ کے ورلڈ ریکارڈ ہولڈر محمد انعام بٹ نے گولڈ میڈل کے لیے انڈین کھلاڑی دیپک پونیا سے مقابلہ کیا لیکن وہ کامیابی حاصل نہ کر سکے۔
پورے مقابلے کے دوران کسی بھی مرحلہ پر انعام بٹ مخالف کھلاڑی پر سبقت حاصل نہ کر سکے اور میچ کا اختتام تین صفر سے دیپک پونیا کے حق میں ہوا۔
رنر اپ رہنے پر محمد انعام سلور میڈل کے حقدار قرار پائے۔
اسی طرح 125 کلوگرام کیٹیگری کے فائنل میں پاکستان کے زمان انور کینیڈا کے امرویر ڈیشی سے ہار گئے اور سلور میڈل کے حق دار ٹھہرے۔
جمعہ کو ہونے والے ابتدائی مقابلوں میں پاکستانی ریسلرز انعام بٹ، عنایت اللہ اور زمان انور نے اپنے مدمقابل کھلاڑیوں کو شکست دی تھی۔
عنایت اللہ نے سیمی فائنل مرحل میں شکست کے بعد برونز میڈل کے لیے مقابلہ کیا جب کہ انعام بٹ اور زمان انور نے فائنل میں رسائی حاصل کی۔
اس کے علاوہ ایتھلیٹ شجر عباس نے 200 میٹر دوڑ کی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے.

شیئر: