Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسد قیصر کا ایف آئی اے نوٹس کو پشاور ہائی کورٹ میں چیلینج کرنے کا اعلان

ایف آئی اے نے اسد قیصر کو بھی 11 اگست کو طلب کیا ہے۔ (فوٹو: اے پی پی)
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں ایف آئی اے کے نوٹس کو پشاور ہائی کورٹ میں چیلینج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
خیال رہے الیکشن کمیشن کی جانب سے پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کے فیصلے کے بعد وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے ممنوعہ فنڈنگ میں ملوث پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔
اس سلسلے میں ایف آئی اے اسد قیصر کو نوٹس جاری کرکے انہیں طلب کر لیا تھا۔
منگل کی شام سابق سپیکر کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وہ ایف آئی اے کی جانب سے نوٹس کو پشاور ہائی کورٹ میں چیلنج کریں گے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ اسد قیصر بدھ کو صبح 10 بجے پشاور ہائی کورٹ میں اس حوالے سے پٹیشن دائر کریں گے۔
ایف آئی اے نے اسد قیصر کو بھی 11 اگست کو طلب کیا ہے۔ اسد قیصر سے کہا گیا ہے کہ وہ ایف آئی اے پشاور کے دفتر میں پیش ہوں۔
دو اگست کو الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے خلاف ممنوعہ فنڈنگ کیس کے فیصلے میں قرار دیا تھا کہ ’پی ٹی آئی نے ممنوعہ فنڈز حاصل کیے۔ الیکشن کمیشن سے 16 ایسے اکاؤنٹس چھپائے جو جماعت کی اعلٰی قیادت چلا رہی تھی۔ عمران خان کے بیان حلفی میں غلط بیانی کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ  پچھلے جمعے کو الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کو ممنوعہ فنڈنگ کیس اور نااہلی کے حوالے سے طلب کرتے ہوئے نوٹسز جاری کیے تھے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹسز میں سے ایک میں عمران خان سے ممنوعہ فنڈنگ کیس کے حوالے سے وضاحت طلب کی گئی ہے، جس کی سماعت 23 اگست کو ہو گی۔
دوسرا اور تیسرا نوٹس سابق وزیراعظم کی نااہلی کے حوالے سے ہے، جن کی سماعت 18 اور 24 اگست کو ہو گی۔

شیئر: