دوسری سہ ماہی کے دوران آرامکو کے منافع میں 90 فیصد اضافہ
آرامکو کا منافع تجزیہ کاروں کی پیش گوئیوں سے بڑھ کر ہے (فوٹو: شٹرسٹاک)
سال رواں کی دوسری سہ ماہی کے دوران سعودی عرب کی تیل کی کمپنی آرامکو کے منافع میں 90 فیصد تک اضافہ ہوا ہے جس سے تجزیہ کاروں کی پیش گوئیاں غلط ثابت ہوئی ہیں اور یہ 2019 کے بعد سے بلند ترین سہ ماہی منافع ہے۔
عرب نیوز کے مطابق تجزیہ کاروں کی پیش گوئیوں کے حساب سے کمپنی کی خالص آمدنی 46 ارب 20 کروڑ ڈالر تک متوقع تھی۔
دنیا میں ’سب سے زیادہ منافع کمانے والی آئل کمپنی‘ کا منافع 182 ارب سعودی ریال (48 ارب 40 کروڑ ڈالر) تک پہنچ گیا اور آمدنی 80 فیصد اضافے کے بعد 562 ارب سعودی ریال تک پہنچ گئی۔
یہ آمدنی2021 کی پہلی سہ ماہی کے مقابلے میں 148 ارب ریال زیادہ ہے جبکہ دوسری سہ ماہی سے 95 ارب پانچ کروڑ ریال زیادہ ہے۔
خام تیل پیدا کرنے والے ادارے کا کہنا ہے کہ یہ نتائج تیل کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے سامنے آئے ہیں جو سال کے آغاز پر ریکارڈ سطح پر تھیں۔
اسی طرح آرامکو نے سہ ماہی منافع کو 70 ارب 30 کروڑ ریال پر مستحکم رکھا۔
آرامکو نے کاگنائٹ (صنعتی سافٹ وئیرز بنانے والا نمایاں ادارہ) کے ساتھ مشترکہ طور پر سی این ٹی ایکس ٹی پروگرام شروع کرنے کا اعلان کیا ہے، جس کا ہیڈکوارٹر ریاض میں ہو گا۔
سی این ٹی ایکس ٹی سعودی عرب میں صنعتی ڈیجیٹیلائزیشن کے لیے کام تعاون فراہم کرے گا جبکہ مشرق وسطٰی اور شمالی افریقہ کے خطے میں بھی کام کرے گا۔