Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مانچسٹر یونائیٹڈ بچپن سے پسند مگر خرید نہیں رہا: ایلون مسک

الیکٹرک گاڑیاں بنانے والی کمپنی ٹیسلا کے مالک متنازع ٹویٹس کے لیے شہرت رکھتے ہیں۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک ایک بار پھر اپنی ٹویٹ کی وجہ سے خبروں میں ہیں اور یہ ٹویٹ انہوں نے دنیا کے مشہور فٹبال کلب مانچسٹر یونائیٹڈ کو خریدنے کے بارے میں کی۔
خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق ایلون مسک نے مانچسٹر یونائیٹڈ کو خریدنے کا بیان دیا تاہم اس کی تفصیلات ظاہر نہ کیں اور پھر اس کو مذاق قرار دیا۔
الیکٹرک گاڑیاں بنانے والی کمپنی ٹیسلا کے مالک ایسی ٹویٹس کرنے کے حوالے سے شہرت رکھتے ہیں۔ 
چند گھنٹے بعد ایلون مسک سے پوچھا گیا کہ کیا وہ واقعی سنجیدہ ہیں؟
اس کے جواب میں انہوں نے لکھا کہ ’نہیں، یہ ٹوئٹر پر کیا جانے والا ایک مذاق تھا۔ میں کھیل کی کوئی ٹیم نہیں خرید رہا۔ تاہم اگر کبھی کوئی ٹیم خریدی تو وہ مانچسٹر یونائیٹڈ ہوگی۔ یہ اس وقت سے میری پسندیدہ ٹیم ہے جب میں بچہ تھا۔‘
ایلون مسک کے بیان کے بعد مانچسٹر یونائیٹڈ کے مداحوں نے سوشل میڈیا پر کلب کی ملکیت بدلنے پر غصے کا اظہار کیا تھا۔
اس دوران بہت سے افراد یہ بات کرتے رہے کہ ایلون مسک جن کے پہلے ہی ٹوئٹر پر دس کروڑ سے زائد فالورز ہیں ایسی ٹویٹس سے توجہ حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
شمالی انگلینڈ کے فٹبال کلب مانچسٹر یونائیٹڈ کے ٹوئٹر ہینڈل کے تین کروڑ 20 لاکھ فالورز ہیں اور ایلون مسک کی ٹویٹ کو فوری طور پر لاکھوں لائیکس مل گئے تھے۔

ٹیسلا کے مالک کی یہ ٹویٹ پہلی کی گئی ایک ٹویٹ کا فالو اپ تھی جس میں انہوں نے لکھا تھا کہ ’یہ وضاحت کی جاتی ہے کہ میں ریپبلکن پارٹی کے آدھے بائیں حصے (لیفٹ ہاف) اور ڈٰیموکریٹک پارٹی کے آدھے دائیں حصے (رائٹ ہاف) کو سپورٹ کرتا ہوں۔‘
ایلون مسک کی ٹویٹ میں بتائی گئی یہ پوزیشن فٹبال کے میدان میں استعمال کی جانے والے اصطلاحات ہیں۔

شیئر: