Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی بحریہ کے جہاز پی این ایس ذوالفقار کامتحدہ عرب امارا ت کا دورہ

اماراتی بحریہ کے جہاز ’صلاحا‘ نے پاکستانی بحری جہاز کے ساتھ مشق بھی کی (فوٹو: پاکستان نیوی)
پاکستان نیوی کے جہاز پی این ایس ذوالفقار نے ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پٹرول پر تعیناتی کے دوران متحدہ عرب امارات کا دورہ کیا ہے۔
پاکستانی بحریہ کے مطابق اماراتی بندرگاہ آمد پر ابوظہبی میں پاکستان کے دفاعی اتاشی اور متحدہ عرب امارات کی بحریہ کے سینئر حکام نے پاک بحریہ کے جہاز کا استقبال کیا۔
بندرگاہ کے دورے کے دوران پی این ایس ذوالفقار کے کمانڈنگ آفیسر کیپٹن طیب ودود انور نے ڈپٹی کمانڈر یو اے ای نیول فورسز اور یو اے ای بحریہ کے دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کے علاوہ تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
پی این ایس ذوالفقار نے یو اے ای میں پاکستان کے یوم آزادی کی ڈائمنڈ جوبلی بھی منائی اس دوران جہاز پر پرچم کشائی کی تقریب منعقد کی گئی جس میں متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر افضل محمود نے بھی شرکت کی۔

پی این ایس ذوالفقار آمد پر اماراتی نیول فورسز کے ڈپٹی کمانڈ کا باوقار استقبال کیا گیا (فوٹو: پاکستان نیوی)

متحدہ عرب امارات کی بحریہ کے حکام، بزنس کمیونٹی کے سرکردہ ارکان، پاکستانی کمیونٹی کے نامور افراد اور دیگر ممالک کے سفارتی حکام نے بھی بڑی تعداد میں جہاز پر منعقدہ ڈائمنڈ جوبلی کی تقریب میں شرکت کی۔
اماراتی بندرگاہ پرقیام کے دوران دونوں ممالک کی بحری افواج نے متعدد دو طرفہ سر گرمیوں بشمول بحری جہازوں اور عسکری تنصیبات کا دورہ کیا۔

دبئی کی بندرگاہ پر قیام کے دوران اماراتی نیوی کے حکام نے پاکستانی جہاز کا دورہ کیا (فائل فوٹو: پاکستان نیوی)

دورے کے اختتام پر پاکستان بحریہ کے جہاز پی این ایس ذوالفقار اور متحدہ عرب امارات کی بحریہ کے جہاز ’صلاحا‘ کے مابین دو طرفہ بحری مشق کا انعقاد کیا گیا۔

شیئر: