Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جنرل قمر جاوید باجوہ کے لیے امارات کا ’آرڈر آف دی یونین‘ اعزاز

ملاقات میں پاکستان اور امارات کے درمیان تعاون کے رشتوں پر تبادلہ خیال کیا گیا( فوٹو وام)
متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان سے منگل کو مجلس قصر البحر ابوظبی میں چیف آف آرمی سٹاف پاکستان جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملاقات کی ہے۔ 
امارات کے صدر نے پاکستان کے آرمی چیف کو ’آرڈر آف دی یونین‘ اعزاز پیش کیا ہے۔  
شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے دونوں دوست ملکوں کے درمیان مشترکہ تعاون کی جڑیں گہری کرنے کے سلسلے میں موثر کردار ادا کرنے اور تعلقات کو مضبوط بنانے کے سلسلے میں منفرد کوششوں کے اعتراف میں جنرل قمر جاوید باجوہ کو ’وسام الاتحاد‘ اعزاز سے نوازا۔ 
یہ میڈل متحدہ عرب امارات کی جانب سے برادر اور دوست ممالک کے اعلی عہدیداروں کو دیا جانے والا ملک کا دوسرا بڑا اعزاز ہے۔ 
 امارات کی سرکاری ایجنسی ’وام‘ کے مطابق امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید اور جنرل قمر جاوید باجوہ  نے ملاقات میں پاکستان اور امارات کے درمیان تعاون کے رشتوں اور مشترکہ جدوجہد سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔
خصوصا دونوں ملکوں کے مشترکہ مفادات میں معاون دفاعی مسائل  اور امور زیر بحث آئے ہیں۔ پاکستان اور امارات کی دلچسپی کے متعدد علاقائی و بین الاقوامی موضوعات اور حالات حاضرہ پر نکتہ ہائے نظر کا تبادلہ بھی کیا گیا۔
اس موقع پر شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے کہا کہ ’امارات اور پاکستان کو گہرے تاریخی رشتے ایک دوسرے سے جوڑے ہوئے ہیں۔ مختلف سطحوں پر دوطرفہ تعلقات کو مستحکم بنائے رکھنے کی مشترکہ خواہش باہمی رشتوں کے استحکام کا باعث ہے‘۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے امارات کے صدر کا شکریہ ادا کیا ہے( فوٹو وام)

انہوں نےکہاکہ ’جنرل باجوہ نے دونوں ملکوں کے دوست عوام  کے مفاد میں مشترکہ جدوجہد اور تعاون کی جہتوں کوعروج کی نئی منزلوں تک پہنچایا ہے‘۔ 
جنرل قمر جاوید باجوہ نے امارات کے صدر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ’ دونوں ملکوں کو جوڑنے والے دوستانہ تعلقات مستحکم ہیں‘۔
’ پاکستان امارات کے ساتھ مفید تعاون کے فروغ اور دونوں ملکوں کے عوام کے مفاد کے لیے باہمی تعاون کو مزید بلندی تک لے جانے کی خواہش رکھتا ہے‘۔ 
اس موقع پر مجلس قصر البحر میں ریاست العین حکمراں کے نمائندے شیخ طحنون بن محمد آل نہیان، شیخ سیف آل نہیان، شیخ سرورآل نہیان، ریاست ابوظبی ایگزیکٹو کونسل کے سربراہ شیخ ھزاع بن زاید آل نہیان، زاید بن سلطان آل نہیان فاؤنڈیشن کے چیئرمین شیخ نہیان بن زاید آل نہیان، نائب وزیراعظم شیخ منصور بن زاید آل نہیان، صدارتی مشیر شیخ ڈاکٹر سلطان آل نہیان، ریاست ابوظبی آفس کے سربراہ اور ایگزیکٹیو کونسل کے رکن شیخ خالد آل نہیان، شیخ حمدان بن محمد آل نہیان، شیخ زاید بن محمد آل نہیان اور وزیررواداری و پرامن بقائے باہم شیخ نہیان بن مبارک آل نہیان بھی موجود تھے۔ 

شیئر: