Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں انٹرنیٹ سروس متاثر ’ڈیٹا نیٹ ورک میں مسئلہ ہے‘

پاکستان ٹیلی کام اتھارٹی نے کہا ہے کہ انٹرنیٹ سروسز متاثر ہونے کے مسئلے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
ٹیلی کام اتھارٹی (پی ٹی اے) نے جمعے کو اپنی ٹویٹ میں کہا کہ صورتحال کو مانیٹر کیا جا رہا ہے اور اس حوالے سے مزید اپڈیٹس شیئر کی جائیں گی۔
پی ٹی اے نے مزید کہا کہ جنوب اور شمال کے درمیان ڈیٹا نیٹ ورک میں مسئلہ سامنے آیا ہے جس کی وجہ سے انٹرنیٹ سروس متاثر ہوئی ہے۔
جمعے کی صبح سے ملک کے مختلف شہروں میں انٹرنیٹ سروس نہ چلنے کی شکایت کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر معلومات میں کہا کہ شدید بارشوں اور طوفان کے باعث پی ٹی سی ایل کے آپٹیکل فائبر نیٹ ورک میں تکنیکی خرابی پیدا ہو گئی ہے جس کی وجہ سے ملک کے شمالی اور مرکزی علاقوں میں انٹرنیٹ سروس معطل ہے۔
پی ٹی سی ایل کے مطابق انٹرنیٹ کی ترجیحی بنیادوں پر بحالی کے لیے ان کی ٹیمیں کام کر رہی ہیں۔

دارالحکومت اسلام آباد سمیت صوبہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں میں انٹرنیٹ سروس متاثر ہے۔
پاکستان میں انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والی کمپنی نیاٹیل نے اپنے جاری پیغام میں کہا ہے کہ تکنیکی مسئلے کے باعث انٹرنیٹ سروس نہیں چل رہی یا پھر بہت آہستہ براؤزنگ ہو رہی ہے۔
نیاٹیل کے مطابق فی الحال تکنیکی وجہ کی نشاندہی نہیں ہو سکی ہے تاہم انٹرنیٹ مکمل بحال کرنے کی کوشش جاری ہے۔

شیئر: