Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’بے گھر دیکھ کر دل ٹوٹ گیا‘، کوک سٹوڈیو وہاب بگٹی کی مدد کرے گا

وہاب بگٹی نے کوک سٹوڈیو کے لیے ’کناں یاری‘ گانا گایا تھا۔ (تصویر: سکرین گریب)
’کوک سٹوڈیو‘ کے پروڈیوسر ذوالفقارجبار خان نے پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں سیلاب کے باعث بے گھر ہوجانے والے بلوچی لوک گلوکار وہاب علی بگٹی کی مدد کرنے کا اعلان کیا ہے۔
پاکستان میں ہونے والی مون سون بارشوں کے بعد آنے والے سیلاب سے بلوچستان، جنوبی پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخوا بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔
وہاب علی بگٹی نے کوک سٹوڈیو کے 14 ویں سیزن میں کیفی خلیل اور ایوا بی کے ساتھ مل کر ’کناں یاری‘ گانا گایا تھا جسے یوٹیوب پر تین کروڑ 40 لاکھ سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے۔
پیر کو ایک ٹویٹ میں دوالفقار جبار خان کا کہنا تھا کہ ’ہم وہاب بگٹی صاحب اور ان کے پیاروں کی مدد کرتے رہیں گے تاکہ وہ مشکلات سے بھری صورتحال پر قابو پاسکیں۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’تسلی رکھیں انہیں ہر قسم کی ممکنہ مدد فراہم کی جائے گی۔‘
کیفی خلیل جنہوں نے وہاب بگٹی کے ساتھ ’کناں یاری‘ گانا گایا تھا انہوں نے بھی ’جیز کیش‘ کا ایک نمبر دیا اور اپنے چاہنے والوں سے گزارش کی کہ ساتھی گلوکار کی مدد کی جائے۔
سینیٹر سرفراز بگٹی نے بھی ایک ٹویٹ میں لکھا ’کیا آپ کو کوک سٹوڈیو والے وہاب بگٹی یاد ہیں؟ وہ بھی ہزاروں بلوچوں کی طرح بلوچستان کے ڈیرہ بگٹی میں تباہ کن سیلاب میں پھنسے ہوئے ہیں اور اپنے پاکستانی بہنوں اور بھائیوں کی مدد کے منتظر ہیں۔‘
اداکار عدنان صدریقی نے بھی وزیراعلیٰ اور حکومت بلوچستان سے اپیل کی کہ وہ وہاب بگٹی کو مدد فراہم کریں۔
انہوں نے مزید لکھا ’کوک سٹوڈیو اس شخص نے آپ کو اعزاز بخشا ہے اور پیسے بھی۔‘ انہوں نے مزید لکھا کہ ’انہیں بے گھر دیکھ کر دل ٹوٹ گیا ہے۔‘
دوسری جانب پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف نے حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ سیلاب میں پھنسے افراد کی مدد کے لیے امدادی کارروائیاں تیز کریں۔
دوسری جانب پاکستان کی فضائیہ کی جنوبی پنجاب، بلوچستان اور سندھ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پھنسے افراد کو نکالنے کیلئے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
ڈی جی پی آر ایئر فورس کے مطابق فضائیہ کی ہنگامی امدادی ٹیمیں اپنے گھروں میں پھنسے افراد کو خوراک کی فراہمی کیلئے 24 گھنٹے کام کر رہی ہیں۔
امدادی کارروائیوں کے دوران سینکڑوںسیلاب متاثرین کو محفوظ مقامات پر پہنچایا گیا۔اس کے علاوہ پاک فضائیہ کی طرف سے قائم کردہ فیلڈ میڈیکل کیمپوں میں سیلاب سے متاثرہ افراد کے علاج معالجے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

شیئر: