Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دنیا کا سب سے بڑا سوشل پلیٹ فارم فیس بک ہیک ہو گیا؟

میٹا کے مطابق وہ مسئلہ سے آگاہ اور جلد حل کرنے کے لیے کوشاں ہیں (فائل فوٹو: پکسابے)
عام طور پر کہا جاتا ہے کہ کوئی چیز بہت عام ہو جائے تو قدر کھو دیتی ہے لیکن ڈیجیٹل دنیا کا مشاہدہ بتاتا ہے کہ یہاں جو ایپ عام ہو جائے اس کی قدر بڑھنے لگتی ہے۔
بدھ کو پاکستان میں سوشل ٹائم لائنز پر دنیا کے سب سے بڑے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’فیس بک کی ہیکنگ‘ پر ہونے والی گفتگو اور اس کے ٹاپ ٹرینڈ بننے سے ایپ کی یہی قدر واضح رہی۔
فیس بک سے متعلق صارفین کے تبصروں سے واضح تھا کہ ’ہیکنگ‘ کی یہ اطلاع قدرے حیرت اور تھوڑی پریشانی سے دیکھی اور سنی گئی ہے۔
’فیس بک کی ہیکنگ‘ مائکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر کے ٹرینڈز پینل میں سرفہرست ٹرینڈ بنا تو کئی افراد نے دعوی کیا کہ ’فیس بک ہیک ہونے سے صارفین کی ذاتی معلومات خطرے میں ہیں۔‘
کسی نے صارفین کو اکاؤنٹس پر شیئر کی گئی ذاتی اور اہلخانہ کی تصاویر، ویڈیوز ہٹانے کا مشورہ دیا تو کوئی حساس ذاتی معلومات محفوظ کرنے اور پاس ورڈ تبدیل کرنے کی تجویز دیتا دکھائی دیا۔
پاکستان سمیت دنیا کے متعدد ملکوں کے فیس بک صارفین نے بھی ’ہیکنگ‘ کی شکایت کی تو بتایا کہ ان کی ٹائم لائنز پر احباب اور لائک کیے ہوئے پیجز، گروپس وغیرہ کے بجائے سیلبریٹیز کی پوسٹوں پر تبصرہ کرنے والے اجنبیوں کی اپ ڈیٹس کی بھرمار ہے۔

خاصی دیر تک ابہام کا شکار رہنے کے بعد معاملہ واضح ہونے پر علم ہوا کہ ’فیس بک ہیکنگ‘ کی بات درست نہیں ہے۔ کئی صارفین کو ایپلیکیشن پر کسی نامعلوم بگ کی وجہ سے پریشانی کا سامنا کرنا پڑا، جسے ہیکنگ سمجھ لیا گیا۔
اسی دوران نیوزویک میگزین سے میٹا کی مختصر گفتگو سامنے آئی جس میں خرابی کی وجہ بتا کر اس کی وضاحت تو نہیں کی گئی البتہ یہ طے ہو گیا کہ ہیکنگ نہیں ہوئی ہے۔
فیس بک کے مالک ادارے میٹا کے مطابق ’ہم صارفین کو فیس فیڈ سے متعلق مسئلہ سے آگاہ ہیں اور جلد معاملات کو معمول پر لانے کے لیے کوشاں ہیں۔‘
یہ وضاحت سامنے آنے کے بعد گفتگو کا رخ تشویش کے رنگوں سے خالی ہو کر مزاح کی جانب مڑا تو ٹائم لائنز پر میمز سجنے لگیں۔

فیس بک کے مالک کو ایک تصویر میں نیٹ ورکنگ کیبل تھامے سرور کے پاس کھڑے دکھایا گیا تو ساتھ لکھا کہ ’مارک زکر برگ بگ فیس بک کا بگ دور کرنے کی کوشش میں۔‘

’فیس بک کی پریشانی‘ پر دیگر سوشل پلیٹ فارمز خصوصا ٹوئٹر کو خوش بتانے والوں نے تصاویر کے ذریعے منظر واضح کیا تو ’ہیڈکوارٹر میں لگتے قہقہے‘ نمایاں رہے۔

فیس بک صارفین کے پریشان ہو کر ٹوئٹر پر پہنچنے اور صورت حال دریافت کرنے کی کوششوں میں اضافہ ہوا تو ایک صارف نے لکھا کہ ’کسی سوشل ایپ کو خراب دیکھ کر میں محظوط ہوتا اور دوسرے پلیٹ فارم پر جا کر دیکھتا ہوں کہ پہلے کے ساتھ کیا ہو رہا ہے۔‘

شیئر: