Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایشیا کپ میں پاکستان اور انڈیا اتوار کے روز پھر آمنے سامنے؟

اگر پاکستان اور انڈیا ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچ جاتے ہیں تو یہ اس ٹورنامنٹ میں ان دونوں ٹیموں کا تیسرا میچ ہوگا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
متحدہ عرب امارات میں جاری ایشیا کپ کے دوسرے مرحلے کے آغاز میں ابھی دو دن رہتے ہیں کہ لیکن مداح اس سے پہلے ہی اگلے راؤنڈ کے بارے میں اندازے لگا رہے ہیں۔
ایشیا کپ میں بدھ کو انڈیا نے ہانگ کانگ کو شکست دے دی ہے۔
انڈیا کی اس میچ میں جیت کے بعد جمعے کو پاکستان اور ہانگ کانگ کا میچ ناک آؤٹ تصور کیا جائے گا۔
اگر ہانگ کانگ کے خلاف پاکستان یہ میچ جیت جاتا ہے تو پاکستان ایک مرتبہ پھر سے اتوار کو اپنے روایتی حریف انڈیا کے خلاف میچ کھیلے گا۔
اسی طرح یکم ستمبر کو دبئی سٹیڈیم میں گروپ بی کا سری لنکا اور بنگلہ دیش کے درمیان میچ بھی ناک آؤٹ کی حیثیت اختیار کر گیا ہے۔
جو ٹیم یہ میچ ہارے گی وہ ایشیا کپ سے باہر ہوجائے گی۔
پاکستان ٹیم ہانگ کانگ کے خلاف جیت کی صورت میں گروپ اے میں دوسرے نمبر پر آئے گی جس کے بعد پاکستان کا سپر فور کے مرحلے میں 4 ستمبر کو انڈیا، 7 ستمبر کو بنگلہ دیش یا سری لنکا اور 9 سمتبر کو افغانستان سے میچ ہونے کا امکان ہے۔
اگر پاکستان اور انڈیا ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچ جاتے ہیں تو یہ اس ٹورنامنٹ میں ان دونوں ٹیموں کا تیسرا میچ ہو گا۔
ایشیا کپ میں کھیلے گئے ابھی تک کے میچز میں افغانستان نے سری لنکا اور بنگلہ دیش اور انڈٰیا نے پاکستان کو ہرایا ہے۔

سوریا کمار یادو اور وراٹ کوہلی کے درمیان 98 رنز کی پارٹنرشپ بنی۔ (فوٹو: اے ایف پی)

ہانگ کانگ کو شکست

ایشیا کپ ٹی20 کے چوتھے میچ میں انڈیا نے ہانگ کانگ کو 40 رنز سے شکست دے دی ہے۔
بدھ کو دبئی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ہانگ کانگ کی ٹیم 193 رنز کے تعاقب میں 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 152 رنز ہی بنا سکی۔ بابر حیات 41 اور کنچت 30 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
خیال رہے ہانگ کانگ نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
انڈیا کی جانب سے کے ایل راہل اور روہت شرما نے اننگز کا آغاز کیا لیکن دونوں کی شراکت داری کو پانچویں اوور میں اس وقت جھٹکا لگا جب ایوش شکلا کی گیند پر روہت 21 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
اس کے بعد راہل اور وراٹ کوہلی کے درمیان 56 رنز کی شراکت داری بنی جس کے بعد کے ایل راہل 36 رنز بنا کر محمد غضنفر کی گیند پر کیچ تھما بیٹھے۔
انڈیا کے سکور میں اضافے کی وجہ سوریا کمار یادو بنے جنہوں نے جارحانہ بلے بازی کی اور 26 گیندوں پر 68 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ ان کی اننگز میں چھ چھکے اور چھ چوکے شامل تھے۔
انہوں نے کوہلی کے ساتھ 98 رنز کی پارٹنرشپ بھی قائم کی۔ آؤٹ آف فارم وراٹ کوہلی نے اس میچ میں عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 59 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

شیئر: