Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بابر اعظم نے ننھے پرستار کا خواب حقیقت میں بدل دیا

حمزہ نے پچھلے برس بابر کو خط لکھا تھا اور آٹوگراف کی فرمائش کی تھی۔ (تصویر: علینہ شگری/ٹوئٹر)
گذشتہ برس نومبر میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو ایک آٹھ سالہ بچے نے خط لکھا تھا جس میں انہوں نے ٹی 20 ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کے خلاف شکست کے باوجود پاکستانی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا تھا۔
ہارون سوریہ نامی آٹھ سالہ بچے نے خط میں لکھا کہ ’پاکستان ٹیم مجھے آپ پر فخر ہے میں آپ سے پیار کرتا ہوں بابر اعظم، آپ بہت اچھا کھیلے۔‘
میچ دیکھتے ہوئے ہارون نے اپنے تاثرات کا اظہار کچھ یوں کیا کہ ’کل ہونے والے میچ میں ہر ایک نے عمدہ بیٹنگ اور باؤلنگ کی۔ مجھے فخر تھا کہ ہم جیت رہے ہیں لیکن درمیان میں پریشان ہوا اور میچ کے اختتام پر میں ڈر گیا تھا۔‘
ننھے ہارون نے مستقبل میں پاکستان کرکٹ ٹیم کا کپتان بننے کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے لکھا کہ ’میں مستقبل میں پاکستان کرکٹ ٹیم کا کپتان بنوں گا، اور میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ آپ کی ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کو اپنی ٹیم میں کھیلنے کے لیے مدعو کروں گا۔ ہم فائنل میں جائیں گے اور جیتیں گے۔‘
پاکستانی ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کے آٹو گرافس کی فرمائش کرتے ہوئے ہارون نے لکھا کہ ’پیارے بابر، ایک صفحے پر مجھے سب کھلاڑیوں کے سگنیچر کر دیں اور وہ میرے گھر بھیج دیں۔ ’تم جیتو یا ہارو، ہمیں تم سے پیار ہے۔‘
کپتان بابر اعظم نے اس خط کو ری ٹویٹ کرتے ہوئے جواب میں لکھا تھا کہ ’پیارے محمد ہارون سوریہ، سلام۔ چیمپئن اس ہمدردانہ خط کے لیے آپ کا شکر گزار ہوں۔ مجھے آپ پر بالکل اعتماد ہے اور آپ اپنے یقین، توجہ اور محنت سے کچھ بھی حاصل کر سکتے ہیں۔‘
انہوں نے ننھے ہارون کی آٹوگراف کی فرمائش کا جواب دیتے ہوئے مزید لکھا تھا کہ ’آپ کو تمام کھلاڑیوں کے آٹوگرافس ملیں گے لیکن مستقبل کے کپتان! میں آپ سے آٹوگراف لینے کا منتظر ہوں۔‘
بابر اعظم نے خط لکھنے والے بچے ہارون سوریا کے خواب کو پورا کر دیا ہے۔
جمعرات کو ایک ٹویٹ میں صحافی علینہ شگری نے ٹوئٹر صارفین کو بتایا کہ بابر اعظم نے اپنے ننھے پرستار کی خواہش کو پورا کر دیا ہے۔
انہوں نے لکھا ’بابر اعظم نے اپنے ننھے پرستار کا خواب حقیقت میں بدل دیا۔ مستقبل کے کپتان (ہارون سوریا)، جنھوں نے پچھلے سال بابر اعظم کو ایک خط لکھا تھا اور ٹیم کی آسٹریلیا کے خلاف کارکردگی کو سراہا تھا، کی پاکستان کرکٹ ٹیم سے ملاقات ہوئی اور انہیں وعدے کے مطابق اپنے پسندیدہ ٹیم کا آٹوگراف مل گیا ہے۔‘
علینہ نے ٹویٹ کے ساتھ  تصاویر بھی شیئر کیں جن میں دستخط شدہ بیٹ اور  شرٹ دیکھے جا سکتے ہیں۔ 

شیئر: