Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان بمقابلہ انڈیا، دھانی کی جگہ حسن علی کھیلیں گے یا محمد حسنین؟

پاکستان کے فاسٹ بولر شاہنواز دھانی اَن فٹ ہو کر اس اہم میچ سے باہر ہو گئے ہیں(فائل فوٹو: اے ایف پی)
دبئی میں جاری ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں روایتی حریف پاکستان اور انڈیا کی ٹیمیں آج(اتوار کو) ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کے مطابق پاکستان کے فاسٹ بولر شاہنواز دھانی اَن فٹ ہو کر اس اہم میچ سے باہر ہو گئے ہیں۔
شاہنواز دھانی کی جگہ انڈیا کے خلاف حسن علی یا محمد حسنین کو ٹیم کا حصہ بنائے جانے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل محمد وسیم جونیئر اور شاہین شاہ آفریدی بھی انجری کے باعث ایشیا کپ سے باہر ہو چکے ہیں۔
دوسری جانب جمعے کو انڈین کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر رویندرا جڈیجہ ایشیا کپ سے انجری سے باعث باہر ہو گئے تھے۔
بی سی سی آئی کے مطابق رویندر جڈیجہ کے دائیں گھٹنے میں انجری ہوئی تھی جس کی وجہ سے وہ ایشیا کپ سے باہر ہوئے۔
یاد رہے کہ ایشیا کپ کے گروپ میچز کے مرحلے میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد انڈیا نے پاکستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دی تھی۔
تاہم اس کے بعد دونوں ٹیموں نے سپر فور مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا تھا۔
ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں پاکستان، انڈیا، افغانستان اور سری لنکا کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔
ایشیا کپ کا فائنل 11 ستمبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔
مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر شائقین کرکٹ کے اس میچ کے حوالے سے دلچسپ تبصرے بھی جاری ہیں۔
ایک صارف محمد فیضان نے بابر اعظم اور وراٹ کوہلی کی تصاویر لگا کر ساتھ لکھا کہ ’طوفان سے پہلے کی خاموشی، کنگز ایک بار پھر ایک دوسرے کے سامنے کے لیے تیار۔‘
پرنسس نامی ٹویپ نے ایک میم شیئر کر کے لکھا کہ ’قسمت ہمیں ایک بار پھر مدمقابل لے آئی۔‘
دوسری جانب جڈیجہ کی انجری کے باعث سابق انڈین کھلاڑی بدریناتھ کو لگتا ہے کہ ان کی ٹیم عدم توازن کا شکار ہوسکتی ہے۔
انڈین کپتان روہت شرما کا بیٹنگ فارم بھی پاکستان کے خلاف اچھا نہیں رہا۔ پاکستان کے خلاف آخری آٹھ ٹی 20 میچز میں سے تین اننگز میں انڈین کپتان پہلی دو گیندوں پر آؤٹ ہوکر پویلین واپس لوٹے ہیں۔

شیئر: