Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

منگنی سے انکار پر مصری نوجوان نے لڑکی کو قتل کر دیا

’وقوعہ کے روز قاتل لڑکی کے گھر کے پاس گھات لگاکے بیٹھا ہوا تھا‘ ( فوٹو: سبق)
مصر میں تین ماہ کے دوران اپنی نوعیت کا تیسرا واقعہ اس وقت سامنے آیا جب ایک مصری نوجوان نے ایک لڑکی کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق المنوفیہ یونیورسٹی کی طالبہ کو قتل کرنے کی وجہ یہ بتائی گئی کہ اس نے قاتل سے منگنی کرنے سے انکار کردیا تھا۔
پولیس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ احمد فتحی نامی نوجوان نے ہفتہ کے روز امانی عبد الکریم نامی لڑکی کو قاہرہ کے شمال میں واقع منوفیہ کمشنری میں گولی مار کر ہلاک کیا ہے۔
محلے کے رہائشی ابو حمزہ السلمی نے واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ ’وقوعہ کے روز قاتل لڑکی کے گھر کے پاس گھات لگاکے بیٹھا ہوا تھا‘۔
’جیسے ہی وہ گھر سے نکلی تو پسٹل سے متعدد فائر کرکے لڑکی کو گرادیا۔ گھر والے  اسے ہسپتال لے گئے لیکن راستے میں ہی وہ دم توڑ گئی‘۔
ایک اور محلے دار محمود النادی نے کہا ہے کہ ’لڑکے نے لڑکی سے منگنی کا پیغام بھیجا تھا مگر انکار پر وہ غصے میں آگیا‘۔
’متعدد مرتبہ لڑکی کا پیچھا کرتے  ہوئے پایا گیا اور آخری مرتبہ ایسا ہوا کہ لڑکی نے بھرے بازار میں اسے ڈانٹ دیا تھا‘۔
’مقتولہ سپورٹس کالج کی طالبہ تھی ، اس کی عمر 20 سال تھی جبکہ لڑکی ہائی سکول کا پاس تھا اور اس کی عمر 30 سال تھی‘۔
پولیس ذرائع نے کہا ہے کہ ’فائرکرنے کے بعد لڑکا موقع سے فرار ہوگیا تھا جسے بعد ازاں گرفتار کیا گیا ہے‘۔
واضح رہے کہ 20 جولائی کو مصر میں منصورہ یونیورسٹی کے طالبعلم نے ایک لڑکی کو شادی کا پیغام مسترد کرنے پر قتل کیا تھا جبکہ 9 اگست کو الزقاقیق کمشنری میں بھی اس سے ملتا جلتا واقعہ ہوا تھا۔

شیئر: