Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چین میں آنے والے شدید زلزلے پر سعودی عرب کا اظہار یکجہتی

صوبہ سچوان میں آنے والے زلزلے میں 46 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی
سعودی عرب نے صوبہ سچوان میں آنے والے شدید زلزلے پر چین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
عرب نیوز نے سعودی پریس ایجنسی کے حوالے سے کہا کہ وزارت خارجہ نے چین کے عوام کے ساتھ  تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔
خیال رہے کہ پیر کو چین کے مغربی صوبے سچوان میں ریکٹر سکیل پر 6.8 کی شدت کا زلزلہ آیا تھا جس میں کم از کم 46 افراد ہلاک ہو ئے ہیں۔ 
چین کے مقامی میڈیا سی سی ٹی وی کے مطابق یان شہر میں 17 جبکہ گانزی میں 29 افراد ہلاک ہوئے ہیں، 50 افراد زخمی اور 16 افراد لاپتہ ہیں۔
مغربی صوبہ سچوان کے دارالحکومت چنگڈو میں زلزلے کے جھٹکوں سے کئی عمارتیں لرز گئیں جہاں لاک ڈاؤن کے باعث پہلے ہی لوگ اپنے گھروں تک محدود تھے۔
صوبہ سچوان کے ایک شہر میں زلزلے سے ہونے والی لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بہت زیادہ نقصان پہنچا ہے جبکہ ایک اور شہر میں سڑک بند ہونے سے آمد و رفت تعطل کا شکار رہی اور مواصلاتی لائنیں متاثر ہوئی ہیں۔
مغربی صوبے کے قریبی علاقوں میں زلزلے کے بعد بھی وقفے وقفے سے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
چینی حکومت نے زلزلہ زدہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں میں مدد کے لیے ایک ہزار سے زائد فوجی بھجوائے ہیں، جبکہ متاثرہ افراد کے لیے خیمے، کمبل اور دیگر سامان بھی پہنچایا گیا ہے۔
چینی صدر شی جن پنگ نے مقامی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ زندگیاں بچانے کی ہر ممکن کوشش کی جائے۔
چین کا جنوب مغربی علاقہ فعال اور متحرک زلزلہ زون میں واقع ہے۔ سال 2008 میں بھی صوبہ سچوان میں ریکٹر سکیل پر 8 کی شدت کا زلزلہ آیا تھا جس میں ہزاروں کی تعداد میں افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

شیئر: