Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایشیا کپ فائنل، پاکستان اور سری لنکا کے سپنرز کی کارکردگی فیصلہ کُن ہوگی

ایشیا کپ کے پہلے میچ میں افغانستان نے سری لنکا کو بآسانی شکست دے دی تھی۔ فوٹو: اے ایف پی
سری لنکن کرکٹ ٹیم اپنے ملک میں معاشی مشکلات کو بھُلا کر متحدہ عرب امارات کے میدانوں پر ایشیا کپ کے میچز میں فتوحات حاصل کر رہی ہے۔
جمعے کو پاکستان کو سپر فور مرحلے میں شکست دینے کے بعد اب سری لنکن ٹیم کی نظریں اتوار کو فائنل میں کامیابی پر ہیں جہاں پاکستانی کھلاڑی ایک بار پھر اُن کے مدمقابل ہوں گے۔
اتوار کے فائنل میں بعض کرکٹ تجزیہ کاروں کے مطابق فیورٹ پاکستان ہے لیکن پانچ بار کی چیمپیئن سری لنکن ٹیم غیرمتوقع کارکردگی دکھانے کے لیے جانی جاتی ہے۔
ایشیا کپ کے اپنے پہلے میچ میں افغانستان سے بدترین شکست کھانے کے بعد سری لنکن ٹیم نے بنگلہ دیش، انڈیا اور پاکستان کو ہرا کر کامیابیاں سمیٹیں۔
افغانستان نے سری لنکا کو سات وکٹوں سے شکست دی تھی۔
ٹی 20 میچز میں غیرمعمولی کارکردگی دکھانے کے لیے مشہور سری لنکن کھلاڑیوں نے جمعے کو جب پاکستان کو یکطرفہ مقابلے کے بعد شکست دی تو اُس ٹیم میں دو اہم کھلاڑی شامل نہیں تھے۔
اتوار کو فائنل میچ میں سری لنکا کا انحصار وینندو ہسرنگا اور مہیش تھیکشنا کی سپن جوڑی پر ہوگا، جنہوں نے جمعے کو پاکستان کی اننگز کو 121 رنز پر سمیٹ دیا تھا۔
اسی طرح سری لنکن اوپنر پاتھم نسانکا نے ناقابل شکست 55 رنز بنا کر پاکستان کو بآسانی ہرانے میں اہم کردار ادا کیا تاہم کپتان داسن شاناکا نے اپنی ٹیم کو خوش فہمی کا شکار ہونے سے خبردار کیا ہے۔
شاناکا نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’مسلسل چار میچز میں جیت کے بعد ہمارا اعتماد بہت زیادہ ہے، لیکن ہم اب بھی فائنل میں پاکستان کو ہلکا نہیں لیتے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’ہم جانتے ہیں کہ وہ ایک بہت اچھی سائیڈ ہے اور ان کی ٹیم میں کافی اچھے کھلاڑی ہیں جو کھیل میں بہترین طریقے سے واپس آ سکتے ہیں اور ہمیں اس کے لیے تیار رہنا ہوگا۔‘
سری لنکا نے حال ہی میں پاکستان کے خلاف دو ٹیسٹ میچز کی ہوم سیریز میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔
کپتان شاناکا نے کہا کہ ایشیا کپ کے میچز میں کامیابی پر اُن پر ہم وطنوں کی جانب سے ’محبت اور حمایت کے پیغامات‘ کی بھرمار کی گئی۔
سری لنکا میں کئی مہینوں کے بلیک آؤٹ، ایندھن کی قلت اور مظاہروں کے بعد شہری کرکٹ ٹیم کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچ ثقلین مشتاق فائنل میچ کے حوالے سے پُراعتماد ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

سری لنکن کپتان نے کہا کہ ’یہ بہت اچھا ہے کہ ہم جیت رہے ہیں اور اپنے ہم وطنوں کی خوشی کا باعث بن رہے ہیں۔‘
پاکستانی ٹیم کے کوچ ثقلین مشتاق پُراعتماد
اتوار کو ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان کے فاسٹ بولر نسیم شاہ اور آل راؤنڈر شاداب خان کی ٹیم میں واپسی ہوگی۔ دونوں جمعے کو سری لنکا کے خلاف میچ میں نہیں کھیلے تھے۔ سری لنکا کی طرح پاکستان کا سپن اٹیک بھی میچ کے نتیجے پر اثرانداز ہو سکتا ہے۔
ادھر پاکستان کی بیٹنگ لائن کی کارکردگی کا عدم تسلسل بعض تجزیہ کاروں کے نزدیک تشویش کا باعث ہے اور فائنل میچ میں کپتان بابر اعظم کا فارم میں واپس آنا بہت ضروری ہوگا۔
پاکستان کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان پانچ میچوں میں 226 رنز کے ساتھ مسلسل کارکردگی دکھانے والے واحد کھلاڑی ہیں۔
پاکستان کے کوچ ثقلین مشتاق کہتے ہیں کہ ’چیزیں درست سمت میں آگے بڑھ رہی ہیں اور ہم پراعتماد ہیں۔‘

شیئر: