Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایشیا کپ فائنل: پاکستان اور سری لنکن ٹیمیں آج مدمقابل ہوں گی

دبئی میں ہونے والا میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام سات بجے شروع ہوگا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
متحدہ عرب امارات میں جاری ایشیا کپ کے فائنل میں آج پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔
دبئی کے انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں ہونے والا میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام سات بجے شروع ہو گا۔
جمعہ کو سپر فور مرحلے کے آخری میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دی تھی تاہم اس سے قبل دونوں ٹیمیں فائنل میں پہنچ چکی تھیں۔
پاکستان کرکٹ ٹیم میں فائنل کے لیے دو تبدیلیوں کا امکان ہے۔
پاکستان ٹیم میں فاسٹ بولر حسن علی کی جگہ نسیم شاہ اور لیگ سپنر عثمان قادر کی جگہ لیگ سپنر شاداب خان کو کھلائے جائے گا۔
پاکستان اب تک دو مرتبہ ایشیا کپ جیت چکا ہے، جبکہ سری لنکا نے پانچ مرتبہ ایشیا کپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا ہے۔
پاکستان نے 2000 اور 2012 میں ایشیا کپ جیتا تھا جبکہ سری لنکا نے 1986، 1997، 2004، 2008 اور 2014 میں ایونٹ میں کامیابی حاصل کی تھی۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان اس سے پہلے تین مرتبہ ایشیا کپ کا فائنل ہوچکا ہے جس میں دو مرتبہ سری لنکا جبکہ ایک مرتبہ پاکستان جیتا ہے۔

سپر فور مرحلے کے آخری میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دی تھی۔ (فوٹو: اے ایف پی)

جاری ایشیا کپ کے سُپر فور مرحلے میں سری لنکن ٹیم ابھی تک ناقابلِ شکست رہی ہے جبکہ پاکستان ٹیم ایک میچ ہاری ہے۔

ایشیا کپ کے فائنل کے لیے پاکستان کی ممکنہ پلیئنگ الیون:

بابراعظم (کپتان)، محمد رضوان، فخر زمان، افتخار احمد، خوشدل شاہ، آصف علی، محمد نواز، شاداب خان، حارث رؤف، محمد حسنین، نسیم شاہ۔

ایشیا کپ کے فائنل کے لیے سری لنکا کی ممکنہ پلیئنگ الیون:

کوشل مینڈس، پاتھم نشانکا، دھننجایا ڈی سلوا، دانشکا گوناتھیلاکا، داسن شناکا، بھنوکا راجاپکسا، چمیکا کرونارتنے، وانندو ہاسارنگا، مہیش تھیکشانا، پرامود مادوشن، دلشان مدھوشنکا۔
سپر فور مرحلے میں سری لنکا کی جیت کو بعض مبصرین نے پاکستان کے لیے خطرے کی گھنٹی قرار دیا تھا تاہم پاکستانی کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ ’جیت کے جذبے کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔‘

مبین خان نامی صارف نے ٹیموں کو جیت کا نسخہ بتاتے ہوئے لکھا کہ ’اب تک ایشیا کپ میں ٹاس نے بہت اہم کردار ادا کیا ہے اور آج بھی یہی ہو گا، اس لیے ٹاس جیتیں، بولنگ کا فیصلہ کریں اور ٹرافی جیت لیں۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ہم کو میچ کے اختتام تک انتظار کرنا پڑے گا۔‘

چوہدری ہمالے بوہرا نے پاکستان اور سری لنکا کے معاشی حالات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے ازراہ تفنن اداکار امیتابھ بچن کی ایک پرانی تصویر شیئر کی جس پر لکھا گیا تھا کہ ’ایشیا کپ کا فائنل پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ہو گا، جو جیتے گا اسے ورلڈ بینک سے قرضہ ملے گا۔‘

اسی طرح ایک اور صارف کوشور نے ایسی ایڈیٹڈ تصویر شیئر کی جس میں ہار جانے والی ٹیموں انڈیا، افغانستان اور بنگلہ دیش کے کپتان ہاتھوں میں بیلچے اٹھائے دکھائی دے رہے ہیں جبکہ نیچے کی تصویر میں پچ پر بڑے بڑے گڑھے پڑے ہوئے ہیں اور نیچے لکھا ہے ’فائنل نہیں ہو گا اب۔‘ ساتھ ہی قہقہے کے ایموجی بھی لگائے گئے ہیں۔

شیئر: