Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹی 20 رینکنگ میں بابر اعظم کی دوسری پوزیشن بھی چِھن گئی

بابر اعظم ایشیا کپ میں قابل ذکر کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے تھے (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم ایشیا کپ میں خراب کارکردگی کے باعث آئی سی سی کی ٹی 20 بیٹرز کی رینکنگ میں تیسرے نمبر پر آگئے ہیں۔
بدھ کے روز انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی تازہ رینکنگ کے مطابق پاکستانی کپتان بابر اعظم حالیہ میچز میں بری فارم کے باعث تنزلی کا شکار ہوکر تیسرے نمبر پر آگئے ہیں جبکہ پاکستان ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان پہلے نمبر پر موجود ہیں۔
اس سے پہلے ٹی 20 میں بیٹرز کی رینکنگ میں محمد رضوان پہلے اور بابر اعظم دوسرے نمبر پر موجود تھے۔
آئی سی سی کی ٹی 20 رینکنگ کے مطابق بابر اعظم کی جگہ جنوبی افریقہ کے بیٹر ایڈن مارکرم نے دوسری پوزیشن حاصل کر لی ہے۔
ٹی 20 میں بیٹرز کی فہرست میں پاکستانی وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان پہلے، جنوبی افریقی بیٹر ایڈن مارکرم دوسرے، بابر اعظم تیسرے، انڈین بیٹر سوریا کمار یادو چوتھے جبکہ انگلینڈ کے بیٹر ڈیوڈ ملان پانچویں نمبر پر ہیں۔
آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ چھٹے، نیوزی لینڈ کے بیٹر ڈیوڈ کونوے ساتویں جبکہ سری لنکا کے پاتھم نشانکا، یو اے ای کے محمد وسیم نویں جبکہ جنوبی افریقہ کے ریزا ہینڈرکس دسویں نمبر پر ہیں۔
ایشیا کپ میں عمدہ پرفارمنس دکھانے والے انڈین سٹار بیٹر وراٹ کوہلی ٹی 20 کی رینکنگ میں 33 ویں نمبر سے 15 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔
آئی سی سی کی ٹی 20 بولرز کی رینکنگ میں جوش ہیزل وُڈ پہلے، تبریز شمسی دوسرے، عادل رشید تیسرے، ایڈم زیمپا چوتھے جبکہ راشد خان پانچویں نمبر پر ہیں۔
اسی طرح ٹی 20 کرکٹ میں آل راؤنڈرز کی فہرست میں شکیب الحسن پہلے، محمد نبی دوسرے، معین علی تیسرے، وانندُو ہاسارنگا چوتھے جبکہ گلین میکسویل پانچویں نمبر پر ہیں۔
ایشیا کپ میں سری لنکا سے فائنل سمیت دو مسلسل میچ ہارنے کے بعد پاکستان ٹیم کی ٹی 20 کی رینکنگ میں چوتھے نمبر پر چلی گئی ہے۔
آئی سی سی کی ٹی 20 ٹیم رینکنگ میں انڈیا پہلے، انگلینڈ دوسرے، جنوبی افریقہ تیسرے، پاکستان چوتھے، نیوزی لینڈ پانچویں، آسٹریلیا چھٹے، ویسٹ انڈیز ساتویں، سری لنکا آٹھویں، بنگلہ دیش نویں اور افغانستان دسویں نمبر پر ہے۔ 

شیئر: