Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

روجر فیڈرر ریٹائر، ’ہمارے بچپن اور جوانی کو مزیدار بنانے کا شکریہ‘

روجر فیڈرر نے اپنے کیریئر میں کل 20 گرینڈ سلیم ٹائٹلز جیتے ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)
سوئٹزرلینڈ سے تعلق رکھنے والے ٹینس کے لیجنڈری کھلاڑی روجر فیڈرر نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے۔
سوئس سپر سٹار نے ریٹائرمنٹ کا اعلان جمعرات کے روز سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیا۔
روجر فیڈرر نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’آئندہ ہفتے سے لندن میں شروع ہونے والا لیور کپ میرا آخری اے ٹی پی ایونٹ ہوگا، میں اس کے بعد مزید ٹینس کھیلوں گا لیکن لیکن گرینڈ سلیم نہیں کھیلوں گا۔‘
روجر فیڈرر مزید کہتے ہیں کہ ’میں 41 سال کا ہوں، میں نے 24 برسوں میں 1500 سے زیادہ میچز کھیلے ہیں، ٹینس نے مجھے میری امیدوں سے بڑھ  کر عزت دی ہے، اب مجھے لگتا ہے کہ میرے سخت کیریئر کا اختتام ہونے والا ہے۔‘
ٹوئٹر پر طویل پیغام میں روجر فیڈرر نے اپنے والدین، اہلیہ، ٹیم اور مداحوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔
روجر فیڈرر نے اپنے کیریئر کا پہلا گرینڈ سلیم 2003 میں ومبلڈن جیتا تھا جس کے بعد روجر فیڈرر نے آٹھ ومبلڈن، چھ آسٹریلین اوپن، پانچ یو ایس اوپن اور ایک فرینچ اوپن جیتا ہے۔
انہوں نے اپنے کیریئر میں کل 20 گرینڈ سلیم ٹائٹلز جیتے ہیں۔
ٹینس سٹار نے 31 مرتبہ گرینڈ سلیم ایونٹس کے فائنل تک رسائی حاصل کی ہے جس میں وہ 20 بار فتحیاب جبکہ 11 مرتبہ ناکام ہوئے ہیں۔
روجر فیڈرر نے اپنے کیریئر کا پہلا گرینڈ سلیم میچ 2000 میں آسٹریلین اوپن میں جیتا تھا۔
روجر فیڈرر کی جانب سے ریٹائرمنٹ کے اعلان پر ٹوئٹر پر انھیں بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔
بلانکو نامی ٹوئٹر ہینڈل نے لکھا کہ ’عظیم ترین تھے، عظیم ترین ہیں، عظیم ترین رہیں گے۔‘
 
سومیاکوتھ سری دھرن کہتے ہیں کہ ’بہترین یادوں کا شکریہ، آپ پچھلی دو دہائیوں میں ٹینس کی مشہوری کی ایک بہت بڑی وجہ ہیں۔‘
کیمسٹ مینیا نے تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ ’آپ کی بیک ہینڈ بہت مس کریں گے، جان لیوا ڈراپ شاٹس اور آپ کی عاجزانہ مسکراہٹ، ہماری جوانی اور بچپن کو مزیدار بنانے کا شکریہ، ہر چیز کے لیے شکریہ کنگ۔‘

شیئر: