Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انگلینڈ کے خلاف سیریز بہت بڑی ہے، ذاتی حملے نہیں ہونے چاہییں: بابر اعظم

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلے چار ٹی20 میچز کراچی میں کھیلے جائیں گے (فوٹو: پی سی بی)
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ ’انگلیںڈ کے خلاف سیریز بہت بڑی ہے اور کھلاڑی کافی جوش میں ہیں۔‘
انگلینڈ کے خلاف سیریز کے قبل پیر کے روز بابر اعظم نے نیشنل سٹیڈیم کراچی میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ کافی بڑی اور ورلڈ کپ سے پہلے اہم سیریز ہے، انگلش ٹیم کافی عرصے بعد آئی ہے، جس کے لیے کھلاڑی کافی جوش میں ہیں۔‘
بابر اعظم نے مزید کہا کہ ’گذشتہ دو برسوں سے ہماری اوپننگ پارٹنرشپ کافی کامیاب رہی ہے، لیکن مختلف کنڈیشنز ہوتی ہیں اور مخالف ٹیم کے حساب سے منصوبہ بندی کرنا پڑتی ہے، اسی لیے پوری گیم تبدیل نہیں کی جاسکتی۔‘
نیوز کانفرنس کے دوران صحافی نے بابر اعظم سے ایشیا کپ میں بری کارکردگی کا پوچھا تو انھوں نے کہا کہ ’ایسا نہیں تھا کہ انہوں نے مڈل آرڈر کی ناقص کارکردگی کی ٹینشن سے پرفارم نہیں کیا۔‘
’مجھے خوشی تھی کہ مڈل آرڈر نے پرفارم کیا ہے اور میچز جتوائے ہیں، کوشش ہوتی ہے کہ 100 فیصد کارکردگی دکھائی جائے۔‘
بابر اعظم نے بُری فارم سے نکلنے کے بارے میں کہا کہ ’وہ ضرورت سے زیادہ سوچنا نہیں چاہتے، باتیں ہوں گی لیکن جتنا کم سنیں گے، اتنا بہتر ہوگا۔‘
بابر اعظم نے نیوز کانفرنس کے دوران سابق کرکٹر عاقب جاوید کے بیان پر کہا کہ ’ہر ایک کا اپنا نکتہ نظر ہوتا ہے، ہر کسی کا اپنا موقف ہوتا ہے، ہم ان کی نہیں سنتے، باہر کی باتیں ہم اندر نہیں لاتے، ذاتی حملے نہیں ہونے چاہییں۔‘

شاہین آفریدی کی عدم موجودگی پر بابر اعظم نے کہا کہ ’کافی اچھی وکٹ ہوگی، خاص طور پر شاہین کو یاد کریں گے‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)

انگلینڈ کے خلاف سیریز میں فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کی عدم موجودگی پر بابر اعظم نے کہا کہ ’وکٹ نئی بنی ہے، میرے خیال سے کافی اچھی وکٹ ہوگی، خاص طور پر شاہین کو یاد کریں گے۔‘
’ایشیا کپ میں بھی شاہین آفریدی کو مِس کیا تھا، اکتوبر کے پہلے ہفتے میں شاہین شاہ بولنگ شروع کر دیں گے جس کے بعد ان کے ٹی20 ورلڈ کپ میں آنے کے لیے ہم پُرامید ہیں۔‘
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سیریز کے پہلے میچ کی آمدن کو سیلاب زدگان کی فلاح و بہبود کے لیے وقف کرنے کا کہا تھا جس پر بابر اعظم نے کہا کہ ’کھلاڑیوں کے ایشیا کپ کے پہلے میچ کی فیس اور انگلیںڈ کے خلاف سیریز کے پہلے میچ میں فروخت ہونے والے ٹکٹوں سے ہونے والی آمدن کو انسانیت کی خاطر خیرات کیا جائے گا۔

شیئر: