Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ماں اور بچے کو سڑک عبور کرانے والا سکیورٹی اہلکار جان کی بازی ہار گیا 

فرسٹ سارجنٹ فہد الکلیب یوم وطنی کی تقریبات کے دوران ڈیوٹی پر تھے۔ (فوٹو: عاجل)
سعودی عرب کی الاحسا کمشنری میں ماں اور بچے کو سڑک عبور کرانے والا سکیورٹی اہلکار ہلاک ہو گیا ہے۔ سوشل میڈیا پر یہ واقعہ وائرل ہے۔  
العربیہ نیٹ سے گفتگو کرتے ہوئے سکیورٹی اہلکار کے بھائی توفیق الکلیب نے بتایا کہ ’میرا بھائی فرسٹ سارجنٹ فہد الکلیب ڈیوٹی پر تھا۔ الاحسا کمشنری میں کنگ عبداللہ تفریحی پارک کے قریب کنگ عبداللہ سرکلر روڈ سے ایک ماں اور اس کا بچہ سڑک عبور کرنا چاہتے تھے۔‘
’میرے بھائی نے دونوں کی سڑک عبور کرنے میں مدد کی۔ جب وہ اپنی گاڑی کی طرف واپس جا رہا تھا تو تیز رفتار گاڑی کے نیچے آ گیا۔‘
توفیق الکلیب نے بتایا کہ ’33 سالہ فرسٹ سارجنٹ فہد الکلیب نے ایک خاندان کی جان بچانے کے لیے اپنی جان قربان کر دی۔ اس نےایک ماں اور بچے کی سلامتی کی خاطر سڑک عبور کرائی تھی۔‘
المدینہ اخبار کے مطابق سوشل میڈیا پر سکیورٹی اہلکار کو خراج عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔ فہد الکلیب الاحسا میں یوم وطنی کی تقریبات کے دوران نظم و ضبط پر مامور تھا۔ 

شیئر: