Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چھٹا ٹی20: فِل سالٹ کی دھواں دھار بیٹنگ، انگلینڈ نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے ہرا دیا

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان جاری سات ٹی20 میچز کی سیریز تین تین کے ساتھ برابر ہو گئی ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سات ٹی20 میچوں کی سیریز کے چھٹے میچ میں یکطرفہ مقابلے کے بعد انگلینڈ نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔
پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر170 رنز کا ہدف دیا تھا جسے انگلینڈ نے صرف 14 اعشاریہ تین اوورز میں حاصل کرلیا۔
انگلش ٹیم کی جانب سے فِل سالٹ نے 48 گیندوں میں 88 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر انگلینڈ کو جیت سے ہمکنار کیا۔
یوں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان جاری سات ٹی20 میچز کی سیریز تین تین کے ساتھ برابر ہو گئی ہے۔
جمعے کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

انگلینڈ کی اننگز

انگلش اوپنر بیٹر الیکس ہیلر 12 گیندوں پر 27 رنز بنا کر شاداب خان کی گیند پر شاہنواز دھانی کے ہاتھوں  کیچ آؤٹ ہو گئے۔
انگلش ٹیم کو دوسرا نقصان 10ویں اوور میں ڈیوڈ ملان کی وکٹ گرنے کی صورت میں ہوا جب وہ شاداب خان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔
ڈیوڈ ملان نے چار چوکوں کی مدد سے 18 گیندوں پر 26 رنز بنائے۔

فِل سالٹ نے 48 گیندوں میں 88 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر انگلینڈ کو جیت سے ہمکنار کیا(فوٹو: اے ایف پی)

الیکس ہیلز کے ساتھ اوپنر بیٹر کے طور پر آنے والے فِل سالٹ میچ کے اختتام تک وکٹ پر جمے رہے۔ فِل سالٹ نے تین چھکوں اور 13 چوکوں کی مدد سے 48 گیندوں میں 88 رنز بنائے اور وہ ناٹ آؤٹ رہے۔
انگلینڈ کی جانب سے بین ڈکٹ 16 گیندوں پر 26 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
انگلینڈ کی جانب سے سیم کرن اور ڈیوڈ وِلی نے دو دو جبکہ ریس ڈوپلے اور رچرڈ گلیسن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان کی اننگز
پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز بنائے۔ کپتان بابر اعظم نے تین چھکوں اور سات چوکوں کی مدد سے 87 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور ناٹ آؤٹ رہے۔
آج کے میچ میں پاکستان کی جانب سے ڈیبو کرنے والے محمد حارث تیسرے ہی اوور میں رچرڈ گلیسن کی گیند پر صرف 7 رنز بنا کر عادل رشید کو کیچ دے کر پویلین لوٹ گئے۔
پاکستان کی دوسری وکٹ شان مسعود کی گری جنہیں ڈیوڈ وِلی ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔ شان مسعود رنز کا کھاتہ کھول ہی نہ پائے۔
اس کے بعد آؤٹ ہونے والے بیٹر حیدر علی تھے جو سیم کرن کی گیند پر بین ڈکٹ کو کیچ دے بیٹھے۔ حیدر علی نے 17 رنز بنائے۔ افتخار احمد پنرھویں اوور میں سیم کرن کی گیند پر ہیری بروک کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
حیدر علی نے دو چھکوں اور دوچوکوں کی مدد سے 31 رنز بنائے۔
پاکستان  کی جانب آؤٹ ہونے والے بیٹر آصف علی تھے جو 9 رنز بنا کر ڈیوڈ ولی گیند پر 17ویں اوور میں ریس ٹوپلے کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کے بیٹر محمد نواز میچ کی آخری گیند پر ہیری بروک کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ محمد نواز نے 12 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے صرف شاداب خان نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

بابر اعظم نے تین چھکوں اور سات چوکوں کی مدد سے 87 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور ناٹ آؤٹ رہے (فوٹو: اے ایف پی)

چھٹے ٹی20 میچ میں پاکستان ٹیم میں وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کی جگہ محمد حارث اور حارث رؤف کی جگہ محمد حسنین ٹیم میں شامل تھے۔
دوسری جانب انگلش ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ مارک وُڈ اور کرس وواکس کی جگہ رچرڈ گلیسن اور ریس ٹوپلے کو شامل کیا گیا۔
پاکستانی پلیئنگ الیون
بابر اعظم ، محمد حارث، شان مسعود، افتخار احمد، شاداب خان، حیدر علی، آصف علی، محمد نواز، عامر جمال، محمد وسیم، شاہنواز دھانی۔
انگلش پلیئنگ الیون
فِل سالٹ، الیکس ہیلز، ڈیوڈ ملان، بین ڈکٹ، ہیری بروک، معین علی، سیم کرن، ڈیوڈ وِلی، عادل رشید، ریس ٹوپلے، رچرڈ گلیسن۔

شیئر: