Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انگلینڈ نے پاکستان کو 67 رنز سے ہرا کر ٹی20 سیریز اپنے نام کر لی

آج کے میچ میں جیتنے والی ٹیم سیریز اپنے نام کرنے میں کامیاب ہو جائے گی (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹی20 سیریز کے ساتویں اور آخری میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 67 رنز سے ہرا کر سیریز اپنے نام کر لی ہے۔
پاکستان کی ٹیم 210 کے ہدف کے تعاقب میں مقررہ 20 اوورز میں آٹھ وکٹیں گنوا کر 142 رنز ہی بنا سکی۔
اتوار کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں ہونے والے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
پہلے کھیلتے ہوئے انگلینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں صرف تین وکٹیں گنوا کر 209 رنز بنائے۔ انگلینڈ کی جانب ڈیوڈ ملان نے 78 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
انگلش بیٹر ڈیوڈ ملان کو مین آف دی میچ جبکہ ہیری بروک کو پلیئر آف دی سیریز کا ٹائٹل ملا۔ 
میچ کے بعد فاتح ٹیم کے کپتان معین علی نے کہا کہ ’تمام سیریز اچھی تھی بالخصوص آخری دو میچز۔ مجھے خوشی ہے کہ ہم سیریز جیتے اور ہم اب بہتر پوزیشن میں آسٹریلیا جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ’نئے لڑکوں نے اچھا کھیل پیش کیا۔ بین ڈکٹ اور ہیری بروک نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔‘
پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ’مڈل آرڈر کے حوالے سے ہم فکرمند ہیں۔ ہم کوشش کریں گے یہ مسئلہ حل کریں۔‘
’جب مسلسل وکٹیں گرتی ہیں تو مڈل آرڈر پر دباؤ آتا ہے۔‘
انہوں نے کہا ’بدقسمتی سے ہمارا مڈل آرڈر اچھا کھیل پیش نہیں کر سکے۔ یہ کرکٹ کی خوب صورتی ہے کہ کبھی آپ جیتتے ہیں تو کبھی ہار جاتے ہیں۔‘
’مجھ سے دو اہم کیچز ڈراپ ہوئے۔ میں تسلیم کرتا ہوں کہ اگر وہ کیچز نہ چھوٹتے تو میچ کا نتیجہ مختلف ہو سکتا تھا۔‘
انگلینڈ کی اننگز
انگلینڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 209 رنز بنائے جن میں ڈیوڈ ملان کے 78 رنز شامل ہیں۔
انگلینڈ کا پہلا نقصان پانچویں اوور میں الیکس ہیلز کی وکٹ کی صورت میں ہوا جب وہ محمد حسنین کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔
پانچویں ہی اوور میں انگلش ٹیم کی دوسری وکٹ گری جب فِل سالٹ 20 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔

ڈیوڈ ملان نے 47 گیندوں پر تین چھکوں اور آٹھ چوکوں کی مدد سے 78 رنز بنائے (فوٹو: اے ایف پی)

انگلش بیٹر بین ڈکٹ اپنی جارحانہ 30 رنز کی اننگز کھیل کر دسویں اوور میں آؤٹ ہوئے۔ بین ڈکٹ نے افتخار احمد کی گیند کریز سے نکل کر کھیلنے کی کوشش کی تو انہیں وکٹ کیپر محمد رضوان نے رن آؤٹ کر دیا۔ 
انگلش بیٹرز ڈیوڈ ملان  47 گیندوں پر تین چھکوں اور آٹھ چوکوں کی مدد سے 78 رنز جبکہ ہیری بروک 29 گیندوں پر چار چھکوں اور ایک چوکے کے ساتھ  46 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کی اننگز

ہدف کے تعاقب میں پاکستان کو پہلا دھچکا اس وقت لگا جب پہلے اوور آخری گیند پر بابر اعظم کی وکٹ گری۔ بابر اعظم کرس وواکس کی گیند پر ہیری بروک کو کیچ دے بیٹھے۔
دوسرے اوور کی دوسری گیند پر محمد رضوان بھی ریس ٹوپلے کے ہاتھوں کلین بولڈ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔
اس کے بعد پانچویں اوور میں افتخار احمد ڈیوڈ وِلی کی گیند پر وکٹ کیپر فِل سالٹ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔
پاکستان کی چوتھی وکٹ خوشدل شاہ کی گری جب 13ویں اوور میں انہیں عادل رشید کی گیند پر وکٹ کیپر فِل سالٹ نے کیچ آؤٹ کر دیا۔ خوشدل شاہ 27 رنز بنا سکے۔
 

بابر اعظم اور محمد رضوان کی وکٹ گرنے کے بعد پاکستان کی بیٹنگ لائن سنبھل نہ سکی (فوٹو: اے ایف پی)

پندرھویں اوور میں آصف علی نے کرس وواکس کی گیند پر شاٹ کھیلا اور وہ ریس ٹوپلے کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ آصف علی نے نو گیندیں کھیل کر سات رنز بنائے۔
اس کے بعد 18ویں اوور میں محمد نواز سیم کرن کی گیند پر کرس وواکس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ محمد نواز نے صرف 9 رنز بنا سکے۔ 
ساتویں وکٹ شان مسعود کی گری جو 43 گیندوں پر 56 رنز بنانے کے بعد کرس وواکس کی گیند پر عادل رشید کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد کرس واکس کی اگلی گیند پر کلین بولڈ ہو کر محمد وسیم بھی واپس پویلین لوٹ گئے۔
انگلینڈ کی جانب سے کرس وواکس نے تین جبکہ ڈیوڈ وِلی دو وکٹیں حاصل کیں۔ 

پاکستان کی پلیئنگ الیون

بابر اعظم، محمد رضوان، شان مسعود، افتخار احمد، خوشدل شاہ، آصف علی، محمد نواز، شاداب خان، محمد حسنین ، محمد وسیم، حارث رؤف

انگلینڈ کی پلیئنگ الیون

فِل سالٹ، الیکس ہیلز، ڈیوڈ ملان، بین ڈکٹ، ہیری بروک، معین علی، سیم کرن، کرس وواکس، ڈیوڈ وِلی، عادل رشید، ، ریس ٹوپلے

شیئر: