Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈین دوستوں کے ساتھ دوبارہ کام کرنے میں خوشی ہوگی: فواد خان

فواد خان تین انڈین فلموں میں کام کر چکے ہیں۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
پاکستانی اداکار فواد خان کا کہنا ہے کہ پاکستان اور انڈیا کے درمیان سیاسی تناؤ کا اثر ان کے بالی وڈ میں موجود افراد سے تعلقات پر بالکل نہیں پڑا۔
امریکی میگزین ورائٹی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں فواد خان کا کہنا تھا کہ ان کا انڈیا میں کام کرنے کا تجربہ بہت اچھا رہا اور انہوں نے وہاں کام کو بھی انجوائے کیا۔
جب فواد خان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ انڈیا میں دوبارہ کام کرنا چاہیں گے تو ان کا کہنا تھا کہ ’پاکستان اور انڈیا کے درمیان سیاسی تناؤ ان کے انڈیا میں موجود تعلقات پر اثر انداز نہیں ہوا۔‘
اس سوال کے جواب میں انہوں نے مزید کہا کہ ’یہ ایک اچھا سوال ہے لیکن میں اس کا کوئی حتمی جواب اس وقت تک نہیں دے سکتا جب تک (دونوں ممالک میں) چیزیں ہموار نہیں ہوجاتیں۔‘
فواد خان کا کہنا تھا کہ انہیں تنازعات پسند نہیں اور یہاں یہ سوچنا بھی ضروری ہوگا کہ انڈیا میں اس وقت کوئی ان کے ساتھ کام کرنا بھی چاہے گا کہ نہیں؟
انہوں نے مزید کہا کہ ’اسی طرح اگر میں انڈیا میں کام کرتا ہوں اور پاکستان واپس آتا ہوں تو مجھے دیکھنا ہوگا کہ لوگ یا حکومت اس حوالے سے کیا سوچتے ہیں۔‘
فواد خان اس سے قبل بالی وڈ کی تین فلموں میں کام کرچکے ہیں۔ ان کی پہلی فلم خوبصورت 2014، دوسری فلم کپور اینڈ سنز اور تیسری فلم اے دل ہے مشکل 2016 میں ریلیز ہوئی تھی۔
فواد خان کا انڈیا میں اپنے دوستوں کے حوالے سے کہنا تھا کہ ’مجھے ان سے ایک بار پھر ملنے یا کام کرنے میں خوشی ہوگی چاہے وہ کوئی بین الاقوامی پلیٹ فارم ہو، پاکستانی پلیٹ فارم ہو یا پھر انڈین پلیٹ فارم ہو۔‘

شیئر: